لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ آبپاشی کی رقم کے معاملہ میں ہوئے جھگڑے میں کسان کرونا شنکر شکلا کو اس کے بھائی نے قتل کر دیا۔ غیر ارادتاً قتل کے معاملہ میں آج پولیس نے متوفی کے بھائی اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ سی او سروجنی نگر راج کمار اگروال نے بتایا کہ بھوکاپور بیتی گاؤں کے باشندے ۴۰ سالہ کسان کرونا شنکر شکلا کا آبپاشی کی رقم کے سلسلہ میں گزشتہ ۱۹؍جنوری کو اپنے بھائی ہری شنکر شکلا سے جھگڑا ہو گیا تھا۔ جھگڑے کی وجہ سے ہری شنکر شکلا و اس کے بیٹے آدتیہ شکلا نے کرونا شنکر کو لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹ کر شدید طور سے
زخمی کر دیا۔ زخمی کسان کرونا شنکر کو اہل خانہ نے علاج کیلئے ٹراما سینٹر میںداخل کرایا تھا لیکن علاج کے دوران گزشتہ ۲۸؍جنوری کو کرونا شنکر کی موت ہو گئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر پولیس نے اس معاملہ میں پانچ فروری کو ہری شنکر شکلا اور اس کے بیٹے آدتیہ کے خلاف غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔اس معاملہ میں منگل کو بنتھرا پولیس نے مخبر کی اطلاع ملنے کے بعد کٹی بغیہ کے قریب سے نامزد ملزم ہری شنکر شکلا اور اس کے بیٹے آدتیہ کو گرفتار کر لیا۔