لکھنو:کاشی کا اسی اور مہوا چرتر سمیت کئی مشہور ناولوں کے مصنف کاشی ناتھ سنگھ کو آج اترپردیش کے ادب کے اعلیٰ ’بھارت بھارتی‘ اعزاز سے نوازا گیا ۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج یہاں ہندی سنستھان میں منعقد ایک تقریب مسٹر سنگھ کو شال اڑھاکر اور توصیفی سند دیکر سرفراز کیا ۔اس موقع پر مسٹر سنگھ کو پانچ لاکھ روپئے کا چیک بھی دیاگیا ۔مسٹر سنگھ کے اہم کہانی مجموعوںمیں لوگ بستروںپر ، صبح کا ڈر ، آدمی نامہ ، نئی تاریخ اور کہانی شامل ہیں ۔ انہوںنے کئی دلچسپ ناول بھی لکھے ۔
جس میں سے ایک کاشی کا اسی کی بالی ووڈ نے بھی ستائش کی اور اسے روپہلے پردے پر اتارا۔ وزیر اعلیٰ نے ہندی سنستھان میں کہانیوں کے ذریعہ خواتین اور دلتوں کے مسائل کو اجاگر کرنے والی مردلا گرگ کو لوہیا ساہتیہ سمان سے سرفراز کیا۔ اس موقع پر ونود کمار شکل کو ہندی گورو سمان اور ڈاکٹر کرشن بہاری مشرا کو مہاتما گاندھی ساہتیہ سمان سے نوازا۔
حالانکہ مسٹر شکل اور ڈاکٹر مشرا کی غیر موجودگی میں ان کے نمائندوں نے اعزاز حاصل کیا۔ اس موقع پر جون پور کے سنسکرت کے پروفیسر ابھیراج راجیندر سنگھ کو پنڈت دین دیال اپادھیائے سمان سے اور ڈاکٹر رام کرشن راجپوت کو اونتی بائی ساہتیہ سمان سے سرفراز کیاگیا ۔ وزیر اعلیٰ نے دس ادیبوں کو ساہتیہ بھوشن اور بارہ کو سوہارت سمان سے سرفراز کیا۔ ساہتیہ بھوشن سمان سے نوازے جانے والوںمیں پرماپ دکشت ، ڈاکٹر پشپا بھارتی ، راج کرشن مشرا ، ڈاکٹر رام کٹھن سنگھ ، ڈاکٹر رنگ ناتھ مشرا، ڈاکٹر رماسنگھ ، ڈاکٹر کمل نین پانڈے ، موہن داس نیمش رائے ، بلرام اور اوماشنکر سنگھ یادو شامل ہیں ۔