گورکھپور (نامہ نگار)تھانہ راج گھاٹ حلقہ ٹرانسپورٹ نگر واقع ایک کامپلیکس میں ۱۷سالہ نوجوان کی خون آلودہ لاش ملنے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ نوجوان کے سر اور پیٹ میں چاقو کے نشان تھے۔ اندیشہ ظاہر کیا جارہاہے کہ اسے قتل کیا گیا ہے۔ نوجوان کی شناخت متوفی کے چچا نے کی ہے جو تھانہ حلقہ کے ہنومان گڑھی لا ل ڈگی کا باشندہ تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق تھانہ راج گھاٹ حلقہ کے لال ڈگی کے علاقہ ہنومان گڑھی کے باشندے راکیش نشاد کا سترہ سالہ بیٹا وکاس کھورابار میں ملازمت کررہاتھا۔ گزشتہ شب وہ گھر واپس نہیں پہنچا ۔ کنبہ کے لوگوں نے اسے تلاش کیالیکن اس کا پتہ نہیں چل سکا۔ آج صبح ٹرانسپورٹ نگر حلقہ کی پولیس چوکی کے قریب واقع ایک کامپلیکس میں اس کی خون آلودہ لاش ملی۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے لاش کو اپنے قبضہ میں لے لیا۔ نوجوان کی شناخت اس کے چچا نے کی ۔ پولیس کا خیال ہے کہ جوا کھیلنے کے تنازعہ میں اس کا قتل کیا گیا ہے۔ پولیس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔