اندور:مدھیہ پردیش کے ٹرانسپورٹ محکمہ میں تعینات ایک ہیڈکانسٹبل کے کئی ٹھکانوں پر آج صبح شروع ہوئی لوک آیکت کی کارروائی کے دوران چند ہی گھنٹوں میں کروڑ وں کی املاک کا انکشاف ہوچکا ہے ۔خصوصی پولیس شاخ، لوک آیکت دفتر، اندور ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ میں تعینات ہیڈ کانسٹبل ارون سنگھ کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کی شکایت پر آج صبح ریوا اور اندور میں کئی ٹھکانوں پر ایک ساتھ چھاپے مارے گئے ۔ کارروائی کے دوران اب تک کروڑ وں کی املاک سامنے آئی ہے جس میں اندور کے اناپورنا علاقہ میں تین منزلہ مکان ، ایک اسکارپیو سمیت تین کاریں، بیوی کے نام پرچھ چھ ہزار مربع فٹ کے دو پلاٹ ، ریوا میں 30ایکڑ زمین، ریوا کے نزدیک ہی 25ایکڑ کا فارم ہاؤس، ریوا میں آٹھ آٹھ ہزار مربع فٹ کے دو پلاٹ، ریوا میں دو مکان، اندور کے مہو روڈ پر فارم ہاؤس ، اندور میں بیٹے کے نام دو فلیٹ، آٹھ بینک کھاتے اور چند لاکروں کے دستاویزبرآمد ہوئے ہیں۔اس وقت جبلپور میں تعینات ارون سنگھ اس سے قبل طویل عرصہ تک سیندھوا آر ٹی او بیریر پر رہ چکا ہے ۔ لوک آیکت کے دو درجن سے زائد حکام و ملازمین فی الحال کارروائی میں مصروف ہیں۔ پوری املاک کا انکشاف کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔