لکھنؤ(بیورو)وزیر برائے پارلیمانی امور محمد اعظم خاں نے الزام عائد کیا کہ شر پسند کانٹھ میں ایک اور گودھرا واردات کروانا چاہتے تھے وہ گجرات کے گودھرا کی طرح ٹرین کے ڈبوں میں آگ لگانا چاہتے تھے۔ اسمبلی میں انہوں نے مرادآباد کے کانٹھ قصبہ میں ہوئے ہنگامہ کیلئے بی جے پی پربراہ راست الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر نکسلیوں کی طرح کام کر رہے تھے۔ بہو جن سماج پارٹی اور بی جے پی اراکین کی ہنگامہ آرائی کے درمیان پارلیمانی امور کے وزیر محمد اعظم خاں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے مہنگائی نہ روک پانے کی ناکامی کو چھپانے کیلئے بی جے پی یہاں ہنگامہ کرا رہی ہے۔ بی جے پی ضمنی انتخابات کو فتح کرنے کیلئے سماج کو خون میں نہلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند وں کے پتھراؤ سے سنگین طور سے زخمی ہوئے مراد آبادکے ضلع مجسٹریٹ چندر کانت کی آنکھ خطرہ میں ہے۔ بی جے پی نے دہشت گردوں کی طرح حملے کئے ہیں۔ کانٹھ میں باہر کے لوگوں کو ہنگامہ کرنے کیلئے بلایا گیا تھا۔ ریل روٹ کو جام کر کے مسافروںکو لوٹا گیا۔ اعظم خاںنے کہا کہ کانٹھ ہنگامہ کیلئے بی جے پی براہ راست ذمہ دار ہے۔ شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کسی بھی ملزم کو بخشا نہیں
جائے گا۔