کانپور (نامہ نگار)زبردست گرمی وامس اور اس پر غیر اعلانیہ بجلی تخفیف سے عوام بے حد پریشان ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس صنعتی شہر میں بجلی کی قلت سے تاجروں کی تجارت پر بھی برا اثر پڑرہاہے۔ واضح رہے کہ جب تک پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان نہیں ہوا تھا تب تک شہر میں بجلی کی سپلائی صحیح ڈھنگ سے ہورہی تھی۔لیکن نتائج آنے کے بعد بجلی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ انتخاب میں سماجوادی پارٹی کو زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑاہے۔دوسری طرف بی جے پی کے اراکین اسمبلی اور رہنماو¿ں نے اس سلسلہ میں بجلی محکمہ کیسکو کے منیجنگ ڈائریکٹر سے بات کی اور انہیں تنبیہ دی کہ جلد ہی شہر کے بجلی نظام کو بہتر نہیں کیا گیا تو وہ شہر میں جگہ جگہ تحریک چلائیں گے۔جس کے لئے منصوبہ بند طریقہ سے تیاری کرلی گئی ہے جس میں شہر کے پارٹی کارکن رہنما اور رکن اسمبلی بڑی تعداد میں شامل ہوں گے۔بجلی محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں سے شہر میں بجلی کے زیادہ خرچ کی وجہ سے شہر کے تقریباً دودرجن ٹرانسفارمر خراب ہوگئے ہیں جس کی مرمت کی جارہی ہے۔ اس لئے شہر میں کئی جگہ بجلی سپلائی متاثر رہی۔ویسے بجلی محکمہ کی طرف سے صبح دو گھنٹے اور شام چارگھنٹے بجلی کٹوتی کی جارہی ہے۔لیکن کچھ علاقوں میں یہ کٹوتی دس گھنٹے تک ہونے لگی ہے۔بی جے پی کے ضلع صدر سریندر میتھانی کا کہنا ہے کہ شہر میں سماجوادی پارٹی کے پانچ رکن اسمبلی ہیں جس میں سے دو وزیر بھی ہیںاس کے باوجود لگاتار بجلی کٹوتی ،ٹرانسفارمر کی خرابی اور دیگر خرابیوں کی وجہ سے شہر میں لوگوں کا دن کا چین اور رات کی نیند خراب ہوگئی ہے۔شہر میں دن میں دس سے بارہ گھنٹے تک بجلی کٹوتی سے بڑے تاجروں کے علاوہ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کی تجارت پر بھی اثر پڑرہاہے۔عوام کی سب سے بڑی پریشانی بجلی نہ آنے کے سبب پانی کی عدم فراہمی ہے۔جب لوگوں نے سماجوادی کے بڑے لیڈر سے بجلی تخفیف کے سلسلہ میں بات کی تو انہوں نے کہا کہ جب آپ لوگوں نے پارلیمانی انتخاب میں بی جے پی کے امیدوار کو ووٹ دیا ہے تو ان سے ہی بجلی بھی مانگئے۔میتھانی کا کہنا ہے کہ تقریباً پچاس لاکھ کی آبادی والا کانپورغازی آباد اور نوئیڈا میں ٹیکس میں دینے میں ریاست میں تیسرے نمبر پرہے۔لیکن بجلی کے معاملے میں ان دونوں اضلاع میں سب سے زیادہ پچھڑا ہواہے۔ شہر میں ریاست کے دو دو وزیر ہونے سے کیا فائدہ ہے۔ ان دونوں وزراءاور اراکین اسمبلی کا فرض ہے کہ وہ کانپور جیسے صنعتی شہر کو بجلی تخفیف سے نجات دلائیں۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی ستیش مہانا نے کہا کہ عوام بجلی افسران کے پاس اپنے مسائل لے کر جاتے ہیں تووہاں سے جواب ملتا ہے کہ جتنی بجلی مل رہی ہے اتنی دی جارہی ہے۔ شہر میں اندھا دھند بجلی کے بارے میں کیسکو کے سینئر افسر نے کہا کہ چار گھنٹے کی کٹوتی تو لازمی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ آج کل زیادہ لوڈ کی وجہ سے ٹرانسفارمر خراب ہورہے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑتاہے۔بی جے پی صدر میگھاوی نے بجلی محکمہ کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر جلد ہی محکمہ بجلی نے شہر میں بجلی کی صورتحال پر قابو نہ پایا تو بی جے پی کارکن اور رہنما سڑکوں پر آکر تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔