کانپور (نامہ نگار)شہر میں پولیس لاپرواہ اور غیر سماجی عناصر بے خوف ہیں ۔ پولیس چوبے پور کے دوہرے قتل اور ڈاکہ زنی کی واردات کا انکشاف نہیں کرسکی تھی اسی دوران بے خوف بدمعاشوں نے مزید ایک واردات کو انجام دے دیا۔ قدوائی نگر تھانہ علاقہ کے تحت تنہا رہنے والی ضعیف روڈ ویز خاتون ملازمہ کو اس کے گھر میں لوٹ کی واردات انجام دینے کے بعد قتل کردیا گیا۔واضح رہے کہ چار دن قبل چوبے پور علاقہ میں اساتذہ کے گھروں کو نشانہ بنا کر ڈاکو
ؤں نے حملہ کردیا تھا۔ واردات کے دوران لاٹھی ڈنڈوں سے اہل خانہ کو پیٹا گیا۔ واردات میں سبکدوش معلم اور ضعیف خاتون کی موت ہو گئی ۔ جب کہ تین افراد شدید طور سے زخمی ہو گئے تھے ۔ واردات کو انجام دینے کے بعد ڈاکو آرام سے فرار ہو گئے تھے ۔ ڈاکوؤں کی تلاش میں پولیس کے ہاتھ ابھی تک خالی ہیں ۔ اور ڈاکوؤں کے خلاف پختہ ثبوت پولیس کے پاس نہیں ہیں ۔ ایسے حالات میں بدمعاشوں نے قدوائی نگر میں لوٹ کی واردات انجام دینے کے بعد روڈویز خاتون کلرک کو قتل کرکے پولیس کی قلعی کھول دی ہے۔ مسلسل جرائم کی وارداتوں کو روک پانے میں پولیس ناکام ثابت ہو رہی ہے ۔ پولیس نے واردات کا انکشاف کرنے میں بھی کامیابی حاصل نہیں کی ہے ۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی ایمونول نے کہا کہ کرائم برانچ کی مختلف ٹیموں کو واردات کا انکشاف کرنے کے لئے معمور کیا جائے ۔جلد ہی وارداتوں کا انکشاف کردیا جائے گا ۔ا ور مجرمین کو جیل بھیجا جائے گا۔