کانپور (نامہ نگار)سروپ نگر تھانہ علاقہ میں واقع سرکاری لڑکیوں کے اطفال گھر میں منگل کی صبح ایک لڑکی نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد اطفال گھر میں افراتفری پھیل گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد اعلیٰ افسران نے موقع پر پہنچ کر لاش کو نیچے اتارکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے خودکشی کانوٹ بھی برآمد کیا۔ دوسری جانب اس واقعہ کے سلسلہ میں اطفال گھر کے افسران کچھ بھی کہنے سے گریز کرتے رہے۔ موصولہ خبر کے مطابق سروپ نگر واقع سرکاری لڑکیوں کے اطفال گھر میں کوپرگنج بانس منڈی کی رہنے والی میناکشی (۱۳)یہاں پر کافی عرصہ سے رہ رہی تھی۔ آج صبح لڑکی کے دیر تک اپنے کمرے سے نہ آنے پر اطفال گھر کی وارڈن اسے بیدار کرنے کے لئے گئی ۔ وارڈن نے کمرے میں لڑکی کی لاش کو لٹکتے ہوئے دیکھ کر شور مچا دیا۔ اس واقعہ کی اطلاع اطفال گھر کے انچارج پرمیندرسنگھ اور پولیس کو دی
گئی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے لڑکی کی لاش کو نیچے اتارا اور پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ تفتیش کے دوران کمرے سے لڑکی کے ذریعہ تحریر خودکشی نوٹ بھی پولیس نے برآمد کئے۔ نوٹ میں کنبہ کے لوگوں کو پریشان نہ کرنے اور لڑکی کے ذریعہ نامعلوم شخص کو انگوٹھی دینے کا ذکر کیا گیاہے۔ متوفی کے عزیز کرن سنگھ نے بتایا کہ اس کی پوتی سے اطفال گھر کے افسران اہل خانہ سے ملنے نہیں دیتے تھے اور اسے پریشان کیا کرتے تھے۔اسی وجہ سے عاجز ہوکر اس نے خودکشی کرلی ۔ دوسری جانب واقعہ کے سلسلہ میں اطفال گھر کے انچارج نے بتایا کہ یہاں پر کسی بھی طرح کی پریشانی نہیں تھی اور وقتاًفوقتاً لڑکی کو اس کے رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کی اجازت دی جاتی تھی۔ اس کے باوجود اس نے ایسا قدم کیوں اٹھایا یہ تفتیش کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا۔ اس سلسلہ میں تھانہ انچارج نے بتایا کہ معاملہ کی تفتیش کی جارہی ہے جیسے ہی کسی کے خلاف قصورثابت ہوگا اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔