لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مجاہد آزادی شہید بھگت سنگھ کی یوم پیدائش اتوار کو ریاستی دفتر میں سادگی کے ساتھ منائی گئی۔ ریاستی کانگریس صدر ڈاکٹر نرمل کھتری کی صدارت میں منعقد پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر ریاستی انچارج مدھو سودن مستری موجود تھے۔ پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس انچارج مدھو سودن مستری نے کانگریسیوں نے شہید بھگت سنگھ سے سبق لینے کی اپیل کی۔ انہوںنے کہا کہ شہید بھگت سنگھ نے ملک کیلئے اپنی جان قربان کر دی۔ انہوں نے جنگ آزادی میں بھگت سنگھ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ ریاستی کانگریس صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے کہاکہ بھگت سنگھ کے ملک کیلئے پیار اور قربانی کے جذبہ سے ملک کو آزادی ملی۔ اس سے قبل مستری و ڈاکٹر کھتری نے بھگت سنگھ کی تصویر پر گلپوشی کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پروگرام میں رام کرشن دیویدی، ڈاکٹر عمار رضوی، ستیہ دیو ترپاٹھی، ہریش باجپئی، ڈاکٹرہلال احمد، اومکار ناتھ سنگھ، پرمود سنگھ، مہدی حسن، حسن عباس، عرشی رضا سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے۔