لکھنؤ۔ (نامہ نگار)لوک سبھا الیکشن کے بعد اقتدار میں آئی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے تیل و گیس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کو لے کر کانگریس نے وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش کیا۔ پٹرول ڈیزل اور سبزیوں کے داموں میں ہوئے اضافے سے ان دنوں پورے ملک میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ ایسے میں عوام سڑکوں پر اتر کر مہنگائی کی مخالفت کررہے ہیں۔ مہنگائی سے ناراض شہر ضلع کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام کانگریس کارکنوں نے اسمبلی پر مظاہرہ اور وزیراعظم کا پتلا نذر آتش کیا۔ حالانکہ موقع پر موجود بڑی تعداد میں پولیس وپی اے سی کے جوانوں نے کانگریسیوں کی منشا پر پانی پھیرتے ہوئے انہیں دفتر سے تقریباً ۱۰۰میٹر کی دوری پر بیلی کیٹنگ لگا کر روک دیا۔ شہر کمیٹی کے صدر امت تیاگی وضلع کانگریس کمیٹی کے صدر وجے بہادر سنگھ نے پٹرول ، ڈیزل وسبزیوں کی قیمتوں میں کانگریس کارکنوں کے ساتھ پردیش کانگریس دفتر سے اسمبلی تک مظاہرہ
کرنے اور وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش کرنے کیلئے نعرے بازی کی۔ اس موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ کانگریسیوں کی دھکا مکی بھی ہوئی تب تک کچھ کارکنوں نے مہنگائی کے خلاف وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش کردیا۔ اس دوران ویریندر مدان ، پرمود سنگھ ، پرنس مشرا، اشوک سنگھ، رمیش شریواستو سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔