لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ اسمبلی ضمنی انتخاب کے آخری دن جمعرات کو کانگریس امیدوار رمیش شریواستو نے اسمبلی حلقہ کے متعدد علاقوں میں پدیاترا اور عوامی رابطہ کر کے ووٹ مانگے۔ پارٹی کارکنوں نے موٹر سائیکل ریلی نکال کر مختلف وارڈوں میں پارٹی امیدوار کی حمایت میں تشہیر کر کے رمیش شریواستو کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ کانگریس امیدوار رمیش شریواستو کی تشہیر کرنے کیلئے جمعرات کو صبح ساڑھے گیارہ بجے مرکزی انتخابی دفتر لکشمن پوری سے موٹر سائیکلوں کے بیس قافلے روانہ کئے گئے۔ تیس موٹر سائیکلوں کے ہر قافلے نے مختلف وارڈوں میں پہنچ کر کانگریس امیدوار کی حمایت میں تشہیر کی۔ قافلہ کو راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر سنجے سنگھ، رکن اسمبلی آرادھنا مشرا، کانگریس سکریٹری و ریاستی معاون انچارج زبیر خان نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ رمیش شریواستو نے دوپہر میں اندرا نگر واقع بھوت ناتھ مارکیٹ میں پد یاترا کر کے ووٹ مانگے۔