لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ریزرویشن بچاؤ جدوجہد کمیٹی کے کوآرڈینیٹروں کے جلسہ میں کانگریس کے ترجمان
کے بیان پر ناراضگی ظاہر کی گئی۔ فیلڈ ہاسٹل دفتر میں منعقدہ جلسہ میں کمیٹی کے عہدیداران نے کہا کہ ریزرویشن کے معاملہ پر کانگریس ترجمان کا بیان ان کے جذبات کے خلاف ہے۔ ریزرویشن کے حامیوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی سے جناردن دیویدی کو ہٹانے کامطالبہ کیا ہے۔ ریزرویشن بچاؤ جدو جہد کمیٹی کے کوآرڈینیٹروں اودھیش کمارورما و کے وی رام نے کہا کہ جناردن دیویدی کے ذریعہ دیاگیا بیان ریزرویشن کے حامیوں کی بے عزتی ہے۔
اگر کانگریس لیڈر ذات پر مبنی ریزرویشن کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو مذکورہ اسکیم پاس کر دینی چاہئے کہ پورے ملک میں ذات کے بغیر سماج بنایا جائے۔ ملک میں کوئی ذات نہیں ہوگی اور اگر ذات رہے گی تو ذات پر مبنی ریزرویشن بھی ہوگا۔ مسٹر رام نے کہا کہ جہاں تک ذات پر مبنی ریزرویشن کا سوال ہے تو یہ آئین میں دیئے گئے حقوق کے تحت ہے جہاں کانگریس پارٹی ریزرویشن کا بل پارلیمنٹ سے منظور نہیں کرا پا رہی ہے جس کے سبب ریزرویشن کے حامی ناراض ہیں جبکہ دوسری طرف کانگریس کے لیڈران کے ذریعہ دیا گیا بیان پورے ملک کے ریزرویشن حامیوں کو تحریک شروع کرنے کیلئے مجبور کر رہا ہے۔ جلسہ میں کشور کمار، مہندر سنگھ، ایس ایس آریہ، لیکھ رام وغیرہ موجود تھے۔