لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ریاست میں چل رہے اسمبلی ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کی حمایت میں بدھ کو کانگریس لیڈروں نے تشہیر کر کے ووٹ مانگے۔ پارٹی لیڈروں نے ریاست کے نظم و نسق پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ لیڈروں نے مختلف اسمبلی حلقوں میں عوامی جلسے، نکڑ ناٹک، روڈ شو اور عوام سے رابطہ کر کے پارٹی امیدواروں کی تشہیر کی۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان وجے سکینہ نے بتایا کہ کانگریس کے جنرل سکریٹری و ریاستی انچارج مدھو سودن مستری، ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری ، سابق وزیر جتن پرساد ، ستیش شرما نے ٹھاکر دوارا میں پارٹی کارکنوں و عہدیداروں کے ساتھ جلسہ کیا۔ جلسہ میں پارٹی لیڈروں نے کارکنوں سے پارٹی امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے ریاستی حکومت پر خراب نظم و نسق کا الزام لگایا۔ وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی پر سماج میں فرقہ پرستی پھیلانے کا الزام عائد کیا۔ نوئیڈا میں پارٹی سکریٹری و ریاستی معاون انچارج نصیب سنگھ نے سی
کٹر ۸۰ اوربہلولپور گاؤں میں عوامی جلسہ کو خطاب کیا۔ نگھاسن میں کانگریس سکریٹری و معاون انچارج شری پرکاش جوشی، سکریٹری سنجے کپور، سابق رکن پارلیمنٹ ظفر علی نقوی نے عوام سے رابطہ قائم کیا۔ چرکھاری میں سابق وزیر شری پرکاش جیسوال ، پردیپ جین، رنجیش سنگھ جودیو نے محلہ محلہ گھوم کر پارٹی کی حمایت میں ووٹ مانگے۔ سہارنپور میں ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری، پردیپ ماتھر نے پارٹی امیدوار کی حمایت میں کارکنوں کے ساتھ جلسہ کیا۔ بلہا اسمبلی حلقہ میں درج فہرست ذات کمیشن کے صدر پی ایل پنیا و ضلع صدر چندر شیکھر سنگھ آزاد نے نکڑ جلسوں کو خطاب کر کے عوام سے ووٹ دینے کی درخواست کی۔