لکھنؤ۔(بیورو)بی جے پی لیڈراور وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نریندرومودی پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر ومدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ نے کہا کہ ملک میں مودی کی لہر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات ترقی کے معاملے میں بہت پیچھے ہے صرف اس کی تشہیر زیادہ کی جارہی ہے انہوں نے بی جے پی کے انتخابی جائزوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس جائزے کو غلط ثابت کرے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے کہا کہ مظفر نگر فساد گودھرا واقعہ سے بڑا تھا۔ ریاست کی سماجوادی پارٹی حکومت اگر کوشش کرتی تو فسادات کو روکا جاسکتا تھا۔ لیکن ریاستی حکومت نے فسادات کو بروقت روکنے کیلئے کوئی کوشش نہیں کی جس کی وجہ سے سیکڑوں لوگوں کی موت ہوگئی ۔ درجنوں کنبے بے گھر ہوگئے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیںتھا انہوں نے کہا کہ بی جے پی ودیگر پارٹیاں انتخاب کے دوران تشہیر پر لاکھوں روپئے خرچ کررہی ہیں۔ لیکن الیکشن کمیشن ان پر روک نہیں لگارہاہے ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ ملک وریاست میں مودی کی لہر نہیں ہے وقت آنے پر عوام کو معلوم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شور کرنے سے لہر نہیں ہوتی۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ گجرات کا نام انتخابی مہم میں بار بار لیا جارہا ہے۔ لیکن ایسے حالات گجرات کے نہیں ہیں ۔ گجرات ترقی کے معاملے مین پیچھے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حالت اطمینان بخش رہے گی۔ نریندرمودی کی بیوی کے سوال پر انہوں نے خاموشی اختیار
کی۔ پریس کانفرنس میں کانگریس کے اہم لیڈران بھی موجود تھے۔