نئی دہلی، 15 اپریل (یو این آئی) کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سکریٹری اور پارٹی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کے قریبی ساتھی امت شاہ پر مغربی اترپردیش میں انتخابی جلسوں میں ذات اور مذہب کے نام پر بدلہ لینے کے لئے مشتعل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن اور یوپی حکومت سے ان کے خلاف فوجداری معاملہ درج کرنے اور ان کے ہر انتخابی مہم پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ِکانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے آج پارٹی کی پریس بریفنگ میں کہا کہ مسٹر شاہ نے مظفر نگر کے پاس تین فرقوں کے اجلاس میں لوگوں کو ذاتی وقار کے لئے بدلہ لینے کے لئے بھڑکایا ہے۔ وہ ووٹوں کے لئے مذہب اور ذات کی بنیاد پر نفرت کی آگ بھڑکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر شاہ کے ساتھ مظفرنگر فسادات میں نامزد بی جے پی رہنما سریش رانا بھی تھے۔انہوں نے الیکشن کمیشن اور اترپردیش حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس حرکت کے لئے مسٹر شاہ اور مسڑ رانا دونوں کے خلاف فوجداری معاملہ درج کیا جائے اور دونوں کو ملک میں کہیں بھی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی جائے۔