نئی دہلی: بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی حب الوطنی پر سوال اٹھایانے والے بی جے پی لیڈر کیلاش وجے ورگیہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا ہے کہ ہندوستان کا شہری ہونے کے ناطے اداکار کو اپنی رائے ظاہر کرنے کا حق ہے ۔یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے آئی سی سی کے سینئر ترجمان آنند شرما نے الزام لگایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی ان عناصر کی حوصلہ افزائی ہے ۔مسٹر شرما نے کہا شاہ رخ خان رنگا رنگ ہندوستان کی ایک علامت ہیں۔ ہندوستان کا شہری ہونے کے ناطے انہیں اپنے دل کی بات کہنے کا حق ہے ۔ بی جے پی ہر کسی پر سوال نہیں اٹھا سکتی۔شاہ رخ خان کے اس بیان کے بعد کہ ملک میں پے پناہ عدم رواداری ہے ، مسٹر وجے ورگیہ نے کل ٹوئٹ کیا تھا کہ شاہ رخ خان ہندوستان میں رہتے ہیں مگر ان کا دل پاکستان میں ہے ۔مسٹڑ شرما نے کہا کہ شاہ رخ خان پر حملہ بی جے پی لیڈروں اور این ڈی اے وزیروں کی اختلاف رائے کو دبانے کی منصوبہ بند کوشش ہے ۔اگر ہندوستان کا کوئی شہری حکومت کے ساتھ متفق نہیں ہوتا تو بی جے پی اور سنگھ پریوار اکھٹے ہوکر اسے نشانہ بنانے لگتے ہیں۔