سہارنپور (بھاشا)ریاستی کابینہ کے وزیر شیوپال سنگھ یادو نے کہا ہے کہ سماجوادی پارٹی نے ہر موقع پر کانگریس کا ساتھ دیا ہے لیکن کانگریس نے ہمیشہ سماجوادی پارٹی کو دھوکہ دیا ہے۔اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ پارلیمانی انتخابات میں عوام کانگریس کو سبق سکھانے کے لئے ایس پی کو ووٹ دیں۔ مسٹر یادو سہارنپور میں کشیپ جینتی کے موقع پر گاندھی پارک میں عوامی جلسہ کو خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر معاہدہ کے معاملے پر سماجوادی پارٹی نے کانگریس کی حمایت اس لئے کی تھی تاکہ ملک اقتصادی طور پر مضبوط ہوسکے اور کوئی بھی ہمارے ملک کو دبانے کی کوشش نہ کرسکے۔ لیکن کانگریس نے سماجوادی پارٹی حکومت کے ساتھ امتیازی سلوک کیااور اترپردیش کو ترقی کے لئے ۳۰ہزار کروڑ روپئے کی رقم نہیں دی۔
اس کے بعد بھی سماجوادی پارٹی حکومت اپنے محدود وسائل کے ذریعہ ریاست کی ترقی کرنے کے لئے کوشاں ہے۔