لکھنؤ: اترپردیش کابینہ کے سینئر وزیر محمد اعظم خاں کے اشارے پر ان کے آبائی ضلع رامپور میں نواب گیٹ کو منہدم کئے جانے کے سلسلہ میں مقامی کانگریس لیڈران اور کارکنان کے ذریعہ مخالفت کرنے پر پولیس اور پی اے سی کے جوانوں کے ذریعہ لاٹھی چارج کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر و رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر نرمل کھتری نے کل کے واقعہ میں کانگریس لیڈران ، کارکنان اور مقامی لوگوں کے خلاف مقدمات کو فوری اثر سے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈاکٹر نرمل کھتری نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام میںکوئی بھی منتخب حکومت عام آدمی کے مفادات کی حفاظت کرتی ہے اور ان کی بحفاظت باز آبادکاری کا کام کرتی ہے جبکہ رامپور میں عام آدمی کو اجاڑنے کا کام کیا جا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح رامپور میں محمد اعظم خاں کے تانا شاہی رویہ کے سبب یونیورسٹی کوجانے والے راستوں کو چوڑا کرنے کے نام پر پولیس انتظامیہ کے ذریعہ غریب لوگوںکو اجاڑنے کا کام کیاجا رہا ہے اس کے سبب رامپور کے لوگوں میں خود پیدا ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے محمد اعظم خاں کے تانا شاہی رویے پر فوری پابندی لگانے اور اجاڑے گئے لوگوں کی باز آبادکاری کا مطالبہ کیا۔ مسٹر کھتری نے کل کے واقعہ میں اعظم خاں کے اشارے پر پولیس کے ذریعہ کی گئی کارروائی میںجو لوگ زخمی ہوئے ہیں انہیں مناسب معاوضہ اور جن افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں انہیں فوری اثر سے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔