نئی دہلی، یکم دسمبر (یو این آئی) کانگریس نے اپوزیشن سے مشورہ کئے بغیر سیکریٹریٹ کے باہر سے انوپ مشرا کو لوک سبھا کا سیکریٹری جنرل بنائے جانے پر اسپیکر سمترا مہاجن کے پاس سخت اعتراض درج کرایا۔
اسپیکر نے تاہم اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ “یہ اس طرح کی بحث کیلئے جگہ اور موقع نہیں ہے”۔
آج جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی اور نئے سیکریٹری جنرل اپنی سیٹ پر نظر آئے، کانگریس کے رہنما ملک ارجن کھڑگے اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے
اور اس معاملے کو اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ حالانکہ ہم قانون تبدیل کرنے میں حکمراں جماعت کا تعاون کررہے ہیں لیکن انہیں بھی “ضابطہ سے ہٹ کر” تقرری کرتے وقت ہم سے صلاح مشورہ کرنا چاہئے تھا۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ “آپ نے مشورہ کئے بغیر یہ فیصلہ غالباً اس لئے کیا ہے کیونکہ آپ ہمیں اپوزیشن لیڈر کے طور پر تسلیم نہیں کرتے”۔