کانپور (نامہ نگار )بی جے پی وکانگریس کی برسوں تک خدمت کرنے کے بعد اور اپنی سیاسی خواہشات کی تکمیل نہ ہونے پر کانگریس کونسلر نوین پنڈت سماجوادی پارٹی میں شامل ہوگئے۔ کانپور شہر کے پارلیمانی حلقہ کے امیدوار سریندر موہن اگروال نے انہیں پریس کلب میں سماجوادی پارٹی میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سریندر موہن اگروال نے کہا کہ نوین پنڈت کے پارٹی میں شامل ہونے سے پارٹی مضبوط ہوگی اور پارلیمانی انتخابات میں اس کا فائدہ ملے گا۔ نوین پنڈت نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو اور سریندرموہن اگروال کے قول وفعل میں کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے سرپرست ہیں۔ پنڈت نے کہا کہ وہ بی جے پی میں پندرہ برسوں تک رہے اور مندر تحریک میں انہوں نے لاٹھیاں کھائیں۔ بی جے پی صرف انتخابات کے موقع پر رام مندر تعمیر کرنے کا وعدہ کرتی ہے لیکن مندر تعمیر کرنے کی بی جے پی نے کسی بھی تاریخ کا تعین نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی دس سال تک خدمت کرنے کے بعد انہیں پارٹی میں عزت نہیں ملی اسی وجہ سے انہوں نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔ سماجوادی پارٹی کے امیدوار سریندر موہن اگروال نے پریڈ چوراہہ، یتیم خانہ ،طلاق محل ،باباسوئیٹ ،روپم چوراہہ اور حلیم چوراہہ تک پیدل مارچ کیا اور سماجوادی پارٹی کی پالیسیوں سے لوگوں کوواقف کراتے ہوئے ووٹ مانگے۔