رائے بریلی (نامہ نگار)گزشتہ اسمبلی الیکشن میں پانچوں اسمبلی سیٹوں پر شکست کھانے والی کانگریس پارٹی نے اپنے قومی صدر کے گڑھ کوبچانے کے لئے قواعد شروع کردیئے۔ اس سلسلہ میں کانگریس نے پرینکا گاندھی کی قیادت میں تنظیم کو مضبوط بنانے کی جدوجہد شروع کردی۔ تنظیم کو مضبوط کرنے کے لئے کچھ نئے لوگوں کو بھی شامل کیا جارہاہے تاکہ تنظیم کو سرے سے مضبوط کیا جاسکے۔ گزشتہ الیکشن کے بعد کانگریس کو اپنی کشتی ڈوبتی نظر آئی تو۲۰۱۴ کے آنے والے الیکشن میں کانگریس کو مضبوط بنانے کے اقدامات شروع کئے گئے۔ اور ضلع کی تنظیم کو نئے سرے سے مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کی ذمہ داری پرینکا گاندھی پر ڈالی گئی۔ جو پنچایت کی سطح سے ضلع سطح پر پارٹی کو مضبوط کرنے کی جدوجہد کریں گے۔ ضلع کی پانچوں نگر پنچایتوں میں تنظیم کی نئی سطح پر تشکیل کردی گئی ہے۔ لیکن ضلع میں ابھی اس پر کام ہورہاہے۔ رائے بریلی میں تنظیم کو مضبوط بنانے کے بعد امیٹھی پارلیمانی حلقہ میں یہ کام شروع کیا جائے گا۔ اور اگر یہ اسکیم کامیاب ہوگئی تو پھر پورے ملک میں اسی اسکیم پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ فی الحال راجیو گاندھی کا ڈریم پروجیکٹ مشن کارکنوں میں دلچسپی پیدا کررہا ہے۔ پارٹی اور
عوام کے درمیان رابطہ کی خد مت انجام دے رہاہے۔