نئی دہلی، 24 جنوری (یو این ائی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے عام آدمی پارٹی “آپ” کو کانگریس کی دین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی میں گزشتہ چند دنوں کے دوران جو ڈرامہ ہوا، وہ کانگریس کے منصوبہ کا ہی حصہ ہے لیکن اسے یہ سمجھنا چاہئے کہ اس سے کچھ فائدہ ہونے والا نہیں ہے۔
بی جے پی کے نائب صدر مختار عباس نقوی نے غیر ملکی خواتین کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے الزامات کا سامنا کرنے والے دہلی کے وزیر قانون سومناتھ بھارتی کے استعفی کے مسئلے پر جاری کشمکش پر آج یہاں کہا کہ وہ اتنا ہی کہنا چاہیں گے کہ کانگریس نے ہی “آپ” کو میدان میں لانے کا منصوبہ بنایا تھا۔بی جے پی کے لیڈر نے کہا کہ آپ کی تمام سرگرمیوں کی کہانی پہلے ہی لکھی جا چکی تھی لیکن کانگریس کو یہ سمجھنا چاہئے کہ ملک تبدیلی کے لئے تیار ہے اور ان ڈراموں سے نہ تو ملک اور نہ ہی لوگوں پر کوئی فرق پڑنے والا ہے۔مسٹر سومناتھ بھارتی پر جنوبی دہلی میں غیر ملکی خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات کی انکوائری کے لئے لفیٹننٹ گورنر نے عدالتی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ دوسری طرف “آپ” نے مسٹر بھارتی کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کو ان کے خلاف اس طرح کا ثبوت نہیں ملا ہے جس کی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔