لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ایک ہفتہ قبل اعلان کئے گئے ریاستی کانگریس مجلس عاملہ میں مناسب جگہ نہ ملنے سے ناراض لیڈروں کا غصہ دو شنبہ کو منعقد سینئر کانگریسی رہنماؤں کے جلسہ میں پھوٹ پڑا۔ کانگریس جنرل سکریٹری وریاستی انچارج مدھو سودن مستری، ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری کی موجودگی میں منعقد جلسہ میں ناراض لیڈروں نے اپنی برہمی ظاہر کی۔ ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے ناراض لیڈروں کو کسی طرح سمجھا بجھاکر خاموش کرایا۔ جلسہ میں کئی سابق مرکزی وزراء اور عہدیداروں کا نہ پہنچنا بھی عہدیداروں کے درمیان تذکرہ کا موضوع بنا رہا۔ طویل انتظار کے بعد گزشتہ منگل کو جاری ریاستی مجلس عاملہ کا اعلان ہوتے ہی ناراض عہدیداروں میں بے اطمینانی پھیل گئی۔ پارٹی کے سینئر رہنما امیر حیدر سمیت دیگر لیڈروں نے مناسب عہدہ نہ دیئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے پہلے ہی اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔
دو شنبہ کو پارٹی صدر دفتر پر منعقد سینئر عہدیداروں کے جلسہ میں پہنچیں سابق قومی سکریٹری شبانہ کھنڈیلوال نے جلسہ میں ہی مناسب عہدہ نہ ملنے کا الزام عائد کیا۔ شبانہ کھنڈیلوال نے الزام عائد کیا کہ مجلس عاملہ میں ایسے لوگوں کو اہم ذمہ داری دی گئی ہے جنہوں نے کبھی کام نہیں کیا۔ شبانہ کھنڈیلوال نے کہاکہ دوسروں کو موقع نہ دینے کی بات سے ظاہر ہے کہ جو بزرگ رہنما کرسیوں پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں ان کی جگہ دوسروں کو موقع دینا چاہئے۔ مغربی یو پی کے ایک رکن قانون ساز کونسل پر بھی ناراض لیڈروں نے الزام لگایا۔ ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے ان کو سمجھا بجھاکر خاموش کرایا۔
دو شنبہ کو منعقد جلسہ میں سابق مرکزی وزیر بینی پرساد ورما، جتن پرساد، آر پی این سنگھ، سلمان خورشید، سینئر لیڈرامیر حیدر ایڈوکیٹ سمیت کئی دیگر رہنما جلسہ میں شامل نہیں ہوئے۔ ذرائع کے مطابق پہلے سے ناراض چل رہے بینی پرساد مجلس عاملہ میں اپنے حامیوںکو جگہ نہ دیئے جانے سے ناراض ہیں۔ ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری کی صدارت میں منعقد جلسہ میں پارٹی کو تحریکی رخ اپنانے کا مشورہ آیا۔
مقررین نے کہا کہ پارٹی کے پاس معاملات کی کمی نہیں ہے۔ ریاستی صدر ڈاکٹر کھتری نے کہا کہ سابق یو پی اے حکومت کے ذریعہ کسانوں کے مفاد میں بنائے گئے تحویل آراضی قانون میں بی جے پی حکومت کی ترمیم آرڈیننس کے خلاف پارٹی تحریک چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اکیس جنوری کو گوتم بدھ نگر میں کسان مہا پنچایت ہوگی۔ جلسہ میں کانگریس کی قومی صدر مسز سونیا گاندھی کے خط کے پہلوؤں پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ پارٹی نے قانون ساز کونسل انتخاب میں فرقہ پرست طاقتوں کی خرید و فروخت روکنے کیلئے پارٹی نے سماج وادی پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ جلسہ میں کانگریس جنرل سکریٹری و ریاستی انچارج مدھوسودن مستری، کانگریس مجلس عاملہ کی سینئر رکن محسنہ قدوائی، مجلس قانون سازکے لیڈر پردیپ ماتھر، نصیب پٹھان، قومی سکریٹری زبیر خان، شری پرکاش جوشی، سابق مرکزی وزیر شری پرکاش جیسوال سمیت دیگر سینئر رہنما شامل تھے۔