گورکھپور(نامہنگار)۔میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ شروع کی گئی خصوصی صفائی مہم کے تحت سڑک پرگندگی پھیلانے والے بیس کاروباریوں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔کاروباریوںکو انتباہ دیا گیا ہے کہ اگرانھوںنے احکام کی خلاف ورزی کی توان سے پانچ سو روپئے جرمانہ وصول کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ ۸بجے تک پٹرول پمپ سے ڈیزل نہ بھروانے والے کارپوریشن کے ڈرائیوروںکو بھی وجہ بتائو نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ آج صبح نوسڑھ سے سرکٹ ہائوس تک تقریباایک ہزار صفائی ملازمین کو صفائی کے کام پرمعمور کیا گیا تھا۔
چیف سنیٹری وغذائی انچارج پی این گپتا نے بتایا کہ سڑک پر گندگی پھیلانے والے بیس دوکانداروں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔
انھیں انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ اگر انھوںنے دوبارہ گندگی پھیلائی تو ان سے پانچ سو روپئے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ مذکورہ مہم کے سلسلہ میں کارپوریٹروںنے میونسپل کمشنر سے ناراضگی ظاہر کی ۔ انکاکہنا تھا کہ مہم شروع کرنے کیلئے ملازمین کوپہلے سے نہیں بلانا چاہئے تھا۔ کیونکہ وارڈوں میں صفائی کرنے کیلئے کوئی ملازم نہیں پہنچا۔ کارپوریٹر رننجے سنگھ جگنو ، جن پریا وہار کی کارپوریٹر ریکھا دیوی ورما سمیت دیگر کارپوریٹروں نے کہا کہ خصوصی مہم کے سبب وارڈوں میں صفائی کا کام متاثر ہورہا ہے ۔
دوسری جانب کارپوریشن نے ایسے ڈرائیوروںکووجہ بتائو نوٹس جاری کیاہے جو آٹھ بجے تک پٹرول پمپ سے ڈیزل نہیں بھراتے۔