لکھنؤ(نامہ نگار)کاکوری علاقہ میں ہینڈ پمپ سے پانی بھرنے کے سلسلہ میں پراپرٹی ڈیلر اور ہوم گارڈ محکمہ میں کلرک کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے کلرک اور اس کے کنبہ کے لوگ لائسنسی اسلحہ لے کر جمع ہو گئے۔ ملزمان نے ہوائی فائرنگ کی اور پھر پراپرٹی ڈیلر کو دوڑا کر گولی مار دی۔
ایس پی دیہات سومتر یادو نے بتایاکہ سرائے پریم راج گاؤں میں پراپرٹی ڈیلر ونود شرما اور ہوم گارڈ محکمہ میں کلرک سشیل دکشت اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ گاؤں میں مندر کے نزدیک ایک ہینڈ پمپ لگا ہے اس ہینڈ پمپ پر سشیل اور اس کے کنبہ کے لوگ اپنا قبضہ بتاتے ہیں۔ وہ لوگ ہینڈ پمپ پر کسی کو نہانے نہیں دیتے ہیں۔ لوگوں کو صرف ہینڈ پمپ سے پانی بھرنے کی اجازت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دوشنبہ کو پراپرٹی ڈیلر ونود شرما کے رشتہ کا بھائی کلو ہینڈ پمپ پر غسل کر رہا تھا۔ یہ دیکھ کر سشیل دکشت اوراس کا چچا زاد بھائی اوم پرکاش وہاں پہنچ گیا۔ ان لوگوں نے کلو کو وہاں سے بھگادیا۔ اس بات کا پتہ چلنے پر ونودشرما وہاں پہنچ گئے اورونود کا دونوں شہ زور بھائیوں سے وہاںجھگڑا ہونے لگا۔ دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ سشیل اور اس کا بھائی اوم پرکاش لائسنسی ریوالور اور بندوق گھر سے لے کر آگئے۔ اسی درمیان پراپرٹی ڈیلر ونود کے کنبہ کے لوگ بھی وہاں جمع ہو گئے۔ دونوں میںمارپیٹ ہوئی اس کے بعد شہ زور سشیل اور اوم پرکاش نے لائسنسی اسلحہ سے فائرنگ شروع کر دی۔ لوگ اپنی جان بچا کر بھاگنے لگے ۔ اس درمیان ملزم بھائیوں نے پراپرٹی ڈیلر ونود کو دوڑا کر گولی ماردی جو اس کی گردن پر لگی اور وہ لہو لہان ہوکر گر پڑا۔ اطلاع ملنے پر پہنچی کاکوری پولیس نے شدیدطور سے زخمی ونود شرما کو ٹ
راما سینٹر میں داخل کرایا۔ پولیس نے سشیل اور اس کے بھائی اوم پرکاش کو گرفتارکر تے ہوئے لائسنسی اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
ایس پی دیہات سومتر یادو نے بتایا کہ سشیل اور اوم پرکاش کے گھر میں موجود اسلحہ کا لائسنس منسوخ کرایاجائے گا۔ پولیس اب اس سلسلہ میں لائسنس منسوخی کی رپورٹ ضلع مجسٹریٹ کو بھیجے گی۔