لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کاکوری علاقہ میں منگل کی صبح کچھ لوگوں نے ایک بزرگ ریلوے ملازم کو گولی مار دی۔ زخمی ریلوے ملازم کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔
سی او ملیح آباد شیاما کانت ترپاٹھی نے بتایا کہ کاکوری کے چودھری کھیڑا گاؤں میں ۵۸ سالہ رام اوتار تنہا رہتا ہے۔ رام اوتار ریلوے محکمہ میں ملازم ہے ۔ رام اوتار کی اہلیہ کی کچھ سال قبل موت ہوچکی ہے اس کا بیٹا اور بیٹی بدھیشور علاقہ میں رہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل کی صبح تقریباً ۷ بجے رام اوتار رفع حاجت کے بعد گھر جا رہا تھا کہ اس درمیان پیچھے سے کچھ لوگوں نے اسے گولی مار دی جو ا
س کی گردن اور پشت کے درمیان لگی۔ وہ لہو لہان ہوکر گر پڑا۔ گولی چلنے کی آواز سن کر گاؤں والے مدد کیلئے دوڑ پڑے۔ اطلاع ملنے پر کاکوری پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے زخمی رام اوتار کو ٹراماسینٹر میں داخل کرایا جہاں اس کی حالت خطرہ سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ زخمی رام اوتار اور اس کے کنبہ کے لوگوں نے کسی سے کوئی بھی رنجش ہونے کی بات سے انکار کیا ہے۔ زخمی رام اوتار نے بتایا کہ واردات کے وقت کافی کہرا تھا اور وہ کسی بھی حملہ آور کو نہیں دیکھ سکا۔ پولیس معاملہ کی تفتیش کر رہی ہے۔ فی الحال اس معاملہ میں نامعلوم افراد کے خلاف اقدام قتل کی رپورٹ درج کی گئی ہے۔