لکھنؤ:کاکوری علاقہ میں سڑک حادثہ میں ایک پجاری کی موت ہو گئی وہیں آج چنہٹ علاقہ میں سائیکل سوار ایک طالبہ کو ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثہ کے بعد ناراض لوگوں نے ٹرک میں توڑ پھوڑ کی اور ڈرائیور کی گرفتار ی کے مطالبہ کے سلسلہ میں مظاہرہ بھی کیا۔
کاکوری کے سیتھا گاؤں کے ۸۵سالہ روشن لال گاؤں میں واقع مہا دیو مندر میں پجاری تھے۔ وہ سنیچر کو مندر کے نزدیک ٹہل رہے تھے۔ تبھی نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ زخمی حالت میں انکو پولیس نے علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا۔علاج کے دوران اتوار کو روشن لال کی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ چنہٹ کے نوادا گائیلا کے رہنے والے سنیل تیواری کی ۱۷سالہ لڑکی ارچنا چنہٹ دیویٰ روڈ واقع ایس آئی ایم ٹی کالج میں سی ایس سال اول کی طالبہ ہے۔ دوشنبہ کی صبح ارچنا سائیکل سے کالج جا رہی تھی۔ راستے میں راج دھرم کانٹا پر ایک ٹرک نے سائیکل سوار طالبہ کو ٹکر مار دی۔ حادثہ میں طالبہ شدید طور سے زخمی ہو گئی۔ حادثہ کے بعد ملزم ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ اس حادثہ کے بعد مقامی لوگوں نے طالبہ کو نزدیک کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروںنے اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے رام منوہر لوہیا اسپتال منتقل کردیا۔ وہیں حادثہ سے برہم طالبہ کے کالج کے طلباء موقع پر پہنچ گئے اور ٹرک میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے ملزم ڈرائیور کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے لگے۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے کسی طرح مظاہرین کو مناسب کارروائی کی یقین دہانی کرا کر خاموش کرایا۔