دنیا بھر میں خواتین کے مقابلہ جات حسن کے بڑھتے رحجان کے ساتھ ساتھ اب پرندوں اور پالتو جانوروں کی خوبصورتی کے مقابلے بھی ہونے لگے ہیں۔ ایسا ہی ایک مقابلہ حال ہی میں خلیجی ملک بحرین میں ہوا جس میں کبوتروں کی ‘ملکہ حسن’ کا انتخاب کیا گیا۔ ملکہ حسن کا ٹائیٹل جیتنے والی کبوتری کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 20 ہزار امریکی ڈالر تک جا پہنچتی ہے۔
العربیہ ڈاٹنیٹ کے مطابق منامہ میں الحنینہ کے مقام پر کبوتروں کی خوبصورتی جانچے کے لیے ایک عالمی سطح کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ یہ نمائش ہالتو پرندوں کی دیکھ بحال کرنے والے “ویسٹ الرفاع کلب” کے زیر انتظام منعقد کی گئی جس میں 5000 افراد نے شرکت کی۔ جبکہ مقابلے کی دوڑ میں 300 افراد
نے 1500 کبوتریوں کے ہمراہ حصہ لیا۔
بحرین میں پالتو جانوروں کی بہبود کے لیے سرگرم ایسوسی ایشن کے چیئرمین عیسیٰ عبداللہ الخاطر نے بتایا کہ ملک میں پالتو پرندوں اور بالخصوص کبوتروں کی ‘ملکہ جمال’ کے انتخاب کا آئیڈیا 1994ء میں سامنے آیا۔ اس کے بعد ہر سال دو مرتبہ کبوتروں کی باقاعدہ نمائش کا اہتمام کرکے کبوتر پالنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقابلے میں حصہ لینے والوں میں خلیجی ریاستوں قطر، کویت، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور عمان شامل ہیں۔ علاقائی شہریوں کے علاوہ عالمی سطح پر بھی لوگوں کو اس مقابلے میں حصہ لینے کے لیے متوجہ کیا جاتا ہے۔ حالیہ مقابلے میں جرمنی کے جاکوبین بیرن اواینکی، اماراتی عبدالعزیز الفردان، آسٹریلوی جیف کراھینبرگ اور درجنوں دیگر غیر ملکیوں نے بھی حصہ لیا۔
خیال رہے کہ کبوتروں کی ملکہ جمال کا انتخاب کسی دوشیزہ کے ملکہ حسن منتخب کیے جانے کی طرح کئی پیچیدہ مراحل کے بعد عمل میں لایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں کبوتر کا رنگ، نسل، قسم اور عمر سمیت کئی دوسرے پہلوئوں سے بھی اس کی جانچ کی جاتی ہے اور ملکہ حسن قرار پانے والی کبوتری کی قیمت 20 ہزار ڈالر سے تجاوز کر جاتی ہے۔