بالی وڈ کی معروف ترین اداکاراؤں میں اپنی مخصوص اداکاری کے لیے مشہور اداکارہ ریکھا کا کہنا ہے کہ وہ کبھی کسی پروڈیوسر یا ہدایت کار سے کام مانگنے نہیں گئیں۔بالی وڈ میں گذشتہ چار دہائیوں سے اپنی خوبصورتی اور مخصوص اداکاری کے لیے ممتاز ریکھا نے کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں۔انھوں نے کہا: ’میں کبھی کام مانگنے کسی کے پاس نہیں گئی۔ کسی پروڈیوسر یا ہدایت کار سے میں نے اپنے نام کی سفارش بھی نہیں کی۔‘ریکھا نے یہ باتیں فلم ساز سبھاش گھئی کے ایکٹنگ سکول ’وسلنگ ووڈز‘ کے ایک پروگرام میں طلبہ سے خطاب کے دوران کہی۔’امراؤ جان،‘ ’دو انجانے،‘ ’مسٹر نٹور لال‘ اور ’سلسلہ‘ جیسی فلموں میں یادگار کردار نبھانے والی اداکارہ ریکھا نے یہ بھی کہا کہ فلم انڈسٹری میں آنا ان کی ترجیحات میں قطعی شامل نہیں تھا۔ریکھا نے کہا: ’بس یہ حسن اتفاق تھا۔ لیکن اب میں پیچھے مڑکر دیکھتی ہوں تو لگتا ہے جو ہوا اچھا ہی ہوا۔ میں اپنے کریئر سے پوری طرح مطمئن ہوں۔‘سبھاش گھئی کے ایکٹنگ سکول میں ریکھا طلبہ سے مخاطب تھیں تاہم انھوں نے اب تک سبھاش گھئی کی کسی بھی فلم میں کام نہیں کیا ہے انھوں نے مزید کہا: ’فلم انڈسٹری میں آنے کے بعد مجھے میری پسند کے رول ملتے چلے گئے اور میں
کام کرتی چلی گئی۔ اسے میں لوگوں کا آشیرواد مانتی ہوں۔‘واضح رہے کہ ریکھا نے بالی وڈ میں خواتین کے مضبوط کردار نبھائے ہیں اور ان کی کئی فلمیں خواتین کے مسائل پر مبنی ہیں۔ریکھا یہ بھی تسلیم کرتی ہیں کہ وہ اپنے کام سے پوری طرح لطف اندوز ہوئیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے بھی انھیں پسند کیا۔ریکھا نے 1966 میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کریئر کی ابتدا تھی لیکن ان کی پہلی ہندی فلم سنہ 1969 میں ’ساون بھادوں‘ تھی۔سنہ 70 کی دہائی میں ’مقدر کا سکندر،‘ ’سہاگ،‘ ’مسٹر نٹورلال‘ اور ’خون پسینہ‘ جیسی فلموں میں امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا۔ریکھا کی معروف فلموں میں امراؤ جان، خوبصورت، خون بھری مانگ، پھول بنے انگارے، سلسلہ، مقدر کا سکندر وغیرہ شامل ہیںریکھا کو سنہ 1981 میں رشیکیش مکھرجی کی فلم ’خوبصورت‘ میں اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ امراؤ جان کے لیے انھیں قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔سنہ 2012 میں سنگاپور میں منعقد ہونے والے آئیفا ایوارڈز میں انھیں ’لائف ٹائم‘ ایوارڈ دیا گیا۔ریکھا بڑے پردے پر آخری بار سنہ 2013 میں آنے والی فلم ’کرش 3‘ میں نظر آئی تھیں۔ آئندہ وہ ہدایت کار ابھیشیک کپور کی آنے والی فلم ’فتور‘ میں نظر آئیں گی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریکھا سبھاش گھئی کے ایکٹنگ سکول میں طلبہ سے مخاطب تھیں تاہم انھوں نے اب تک سبھاش گھئی کی کسی بھی فلم میں کام نہیں کیا ہے۔