ممبئی: کترینہ کیف نے جیکی چن کے ساتھ فلم کرنے کی تردید کر دی۔ ان دنوں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ کترینہ کیف کو ہالی ووڈ اداکار جیکی چن کے ساتھ انٹرنیشنل فلم ‘کنگ فو یوگا’ میں مرکزی کردار کے لیے سائن کیا گیا ہے مگر کترینہ کیف نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ وہ جیکی چن کے ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کر رہی ہیں انھیں فلم ‘کنگ فو یوگا’ کی پیشکش ضرور ہوئی تھی لیکن ابھی تک سائن نہیں ہوئی۔ 32 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں رہنا میری ضرورت ہے اور میں یہاں فلموں میں کام کر رہی ہوں اس لیے کسی دوسری فلم میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
کترینہ کیف کا کہنا تھا کہ میں اس فلم میں کام نہیں کر رہی تو اس پر بات بھی نہیں کروں گی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کترینہ کیف کی سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ فلم ‘کل کس نے دیکھا’ جس کا نام چند روز قبل تبدیل کر کے ‘بار بار دیکھو’ رکھ دیا گیا ہے کی شوٹنگ اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں کی جائے گی۔ ایکسل انٹرٹینمٹ اور دھرما پروڈکشن کی اس مشترکہ فلم میں سدھارت ملہوترا ‘جے’ اور کترینہ کیف ‘دیا’ نامی لڑکی کا کردار نبھائیں گے۔