200 مسافر 75 منٹ کی تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچے
ایک پالتو کتے کی زندگی بچانے کے لیےفضائی کمپنی ایئر کینیڈا کی فلائٹ کومتبادل جگہ پر اتار لیا گیا۔
سمبا نامی سات سالہ فرانسیسی بل ڈاگ جہاز میں سامان کے حصے میں سوار تھا تاہم پائلٹ نے جہاز کو اس وقت فرینکفرٹ میں اتار لیا جب انھیں یہ معلوم ہوا کہ کارگو میں درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کا سسٹم خراب ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ بلندی پر درجہ حرارت کم ہوجاتا ہے ایسے میں کتے کی زندگی کو خطرہ لحق تھا۔
یہ فلائٹ اتوار کو تل ابیب سے ٹورونٹو جارہی تھی۔ جہاز کی سمت موڑنے کے نتیجے میں 200 مسافر 75 منٹ کی تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچے۔
ایئر کینیڈا کے ترجمان فٹز پاٹرک کا کہنا تھا کہ جب لوگوں کو یہ معلوم ہوا کہ شدید ٹھنڈ میں کتے کی زندگی کو خطرہ لاحق تھا تو انھوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔
سمبا نامی پالتو کتے کے جرمن مالک کونٹروچ نے کینیڈا کی ایک نیوز ویب سائٹ، سٹی نیوز سے گتفتگو کرتے ہوئے جہاز کے کپتان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ میرا کتا ہے، میرے بچے کی طرح ہے، یہ میرے لیے سب کچھ ہے۔‘