نینا کینلی نامی ایک خاتون نے نیویارک میں نیڈ اے مام نامی خدمات کی ابتدا کی ہے
کیا آپ کو کبھی ایسی خاتون سے بات کرنے کی خواہش ہوئی ہے جو آپ کی ماں کی طرح ہو لیکن درحقیقت آپ کی ماں نہ ہو؟
نیویارک کی نینا کینیلی کا خیال ہے کہ لوگوں کو اس کی ضرورت ہے اور اسی لیے انھوں نے اپنی ماں کی خدمات پیش کی ہیں۔
لیکن یہ خدمت مفت نہیں ہے اور ایک گھنٹے ماں کے جیسے برتاؤ کے لیے وہ 40 ڈالر لیتی ہیں۔ اس دوران وہ آپ کے لیے چائے بنا سکتی ہیں یا دوسرے کام کرسکتی ہیں جو عام طور پر مائیں کرتی ہیں۔
ان کی خدمات کا نام ہے Need A Mom یعنی ماں کی ضروت ہے۔ بدقسمتی سے نیویارک سے باہر یہ خدمات فراہم نہیں ہیں۔
63 سالہ نینا بروکلین کے بش وک میں رہتی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ان کے اس پروجیکٹ سے بعض نوجوان فائدہ اٹھا سکتےہیں۔
انھیں اس ضرورت کا اندازہ اس بات سے لگا کہ پڑوس میں لوگ ان سے گاہے بگاہے مشورے کے لیے آیا کرتے تھے۔
تیس سال تک ماں رہنے والی نینا نے بہت سے کام کیے اور ان کا وسیع تجربہ ہے۔ وہ تھیئٹر پروڈیوسر سے لے کر ریستوراں میں میزبان بھی رہ چکی ہیں۔
نینا کا خیال ہے کہ ان کے اس پروجیکٹ سے بعض نوجوان فائدہ اٹھا سکتےہیں
اس کے علاوہ وہ لت چھڑانے والے رضاکار کے طور پر کام کرچکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پیشہ وہ تھریپسٹ یا کونسلر نہیں ہیں۔ اپنے اشتہار میں نینیا نے نیڈ اے مام کی امداد کے فوائد اور وجوہات بتاتی ہیں۔
ان کا اشتہار کہتا ہے کہ جب آپ کو ماں کی ضرورت ہوتی ہے تو صرف آپ کی ماں ہی نہیں۔
انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ خدمت نومبر میں ہی شروع ہوئی ہے لیکن اس میں لوگوں کی بہت دلچسپی پائی جا رہی ہے۔
ان کے پاس ان کی خدمات کے عوض اجرت دینے والے چھ گاہک ہیں: نینا کہتی ہیں: مجھے احساس ہوا کہ ایسے اور بھی لوگ ہوں گے جنھیں عارضی طور پر ماں کی ضرورت ہو اور وہ بھی بغیر کسی بوجھ والی ماں کی۔
وہ اپنے اشتہار میں بتاتی ہیں کہ وہ ایسی ماں ہیں جو چائے پیتے ہوئے، کافی پر یا وائن پر ان کی باتیں سن سکتی ہیں، آپ کے شرٹ کو آئرن کرسکتی ہیں یا آپ کے ساتھ فلم دیکھ سکتی ہے اکر آپ تنہا نہیں رہنا چاہتے ہیں۔