کراچی: کراچی اسٹاک مارکیٹ جمعرات کو ملکی تاریخ کی ایک اور نیا سنگ میل عبور کر گئی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انڈیکس 35 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا، مالی سال 2015-16ء ملکی اسٹاک مارکیٹ کے لیے نیک شگون ثابت ہوا، 100 انڈیکس 35187 پوائنٹس کی ریکارڈ ترین سطح پر بند ہوا، تیزی کے سبب اسٹاک مارکیٹ کے سرمائے میں 66 ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کاروباری حجم بھی 3 کروڑ شیئرز زیادہ رہا۔ جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر غیر ملکی سرمایہ کاروں مارکیٹ میں دلچپسی اور مقامی انسٹی ٹیوشن کی جانب سے بینکنگ، پیٹرولیم، توانائی اور فرٹیلائزر سیکٹر میں سرمایہ کاری کے سبب کے ایس ای 100 انڈیکس دوران ٹریڈنگ 35200 پوانٹس کی سطح کو عبور کرتے ہوئے 35236.34 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا تاہم بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے معمولی دبائو کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام تک اس بلند سطح کو برقرار نہ رکھ سکا تاہم 342.95 پوائنٹس کے نمایاں اضافے سے انڈیکس 34843.61 پوائنٹس سے بڑھ کر 35186.56 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 220.52 پوائنٹس کے اضافے سے 22122.68 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 24296.78 پوائنٹس سے بڑھ کر 24512.78 پر جا پہنچا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ نے ایک روز بعد ہی نیا ریکارڈ قائم کر دیا اور انڈیکس 35186.56 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اس سے قبل یکم جولائی کو انڈیکس نے 34843.61 پوائنٹس پر آکر ریکارڈ بنایا تھا۔ اسٹاک مارکیٹ نے 31 مارچ 2015 کو 1306.83 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 30233.87 پوائنٹس کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق جون میں افراط زر کی شرح توقع سے کہیں کم 3.2 فیصد رہی جبکہ گذشتہ مالی سال اوسط انفلیشن ریٹ بھی 4.6 فیصد رہا جس سے مارکیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور مسلسل چوتھے سال پاکستانی کیپیٹل مارکیٹ کی مثبت کلوزنگ دیکھنے میں آئی، مالی سال 2015ء کی پہلی ششماہی میں نہ صرف انڈیکس 7 فیصد بڑھا بلکہ پاکستانی مارکیٹ نے فرنٹئیر مارکیٹ میں سکینڈ بیسٹ پرفارمنگ مارکیٹ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اسٹاک مارکیٹ کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 66 ارب 79 کروڑ 17 لاکھ 95 ہزار 534 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے اسٹاک مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 75 کھرب 1 ارب 13 کروڑ 39 لاکھ 10 ہزار 502 روپے سے بڑھ کر 75 کھرب 67 ارب 92 کروڑ 57 لاکھ 6 ہزار 36 روپے ہو گیا۔ جمعرات کو ریٹ میں 40 کروڑ 58 لاکھ 58 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 16 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جبکہ بدھ کو 37 کروڑ 63 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا اور ٹریڈنگ ویلیو 12 ارب روپے تک محدود دیکھا گیا۔ جمعرات کے روز کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 367 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 246 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں اضافہ، 107 میں کمی اور 14 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے این آئی بی بینک 2 کروڑ 90 لاکھ، بائیکو پیٹرولیم 2 کروڑ 38 لاکھ، پیس پاک 2 کروڑ 21 لاکھ، ٹیلی کارڈ لمیٹڈ 2 کروڑ 13 لاکھ اور کے الیکٹرک 1 کروڑ 67 لاکھ حصص کے سودوں کے ساتھ سرفہرست رہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے باٹا پاک کے بھائو میں 110.73 روپے اور یونی لیور فوڈز 107.60 روپے کا اضافہ جبکہ سیپہائر فائبر کے بھائو میں 29 روپے اور سیمنس پاک کے بھائو میں 25 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔