لکھنؤ(نامہ نگار)دادا بریانی سینٹر میں کرسی پر بیٹھنے کے سلسلہ میں دو افراد میں کہا سنی ہو گئی اور بات اتنی بڑھ گئی کہ سبکدوش فوجی کو گولی مار دی۔ گولی فوجی کے سر میں لگی اور وہ لہو لہان ہو کر گر پڑا۔ واردات انجام دینے کے بعد شہ زوروں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ لیکن وہاںموجود لوگوں نے انہیں پکڑ لیااور اطلاع پی جی آئی پولیس کو دی گئی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمی کو علاج کیلئے کمانڈ اسپتال میں بھرتی کرایا اور ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ انسپکٹر پی جی آئی اجیت سنگھ چوہان نے بتایاکہ نیل متھا کے رہنے والے آر این سنگھ فوج میں سپاہی کے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں۔ اتوار کو
وہ دادا بریانی سینٹر میں کرسی پر بیٹھے تھے کہ اسی درمیان راجیش ساکن سروجنی نگر اور ببلو ساکن اموسی وہاں آیا اور ان سے بیٹھنے کیلئے کرسی خالی کرنے کو کہا۔ اس پر راجیش نے آر این سنگھ سے اٹھنے کیلئے کہا۔ لیکن انہوں نے کرسی چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ اس پر آر این سنگھ اورراجیش کے درمیان کہا سنی ہو ئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔ لیکن آر این سنگھ اکیلے ہی دونوں پر بھاری پڑا ۔ بریانی سینٹر میں مارپیٹ ہونے کی وجہ سے لوگوں نے راجیش اورببلو کو گھیرا۔ جس پر ببلو نے ریوالور سے آر این سنگھ پر گولی چلا دی۔ گولی اس کے سر میں لگی اور وہ لہو لہان ہو کر گر پڑا۔ واردات کو انجام دینے والے راجیش اورببلو نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے انہیں پکڑ لیا۔ اورمعاملہ کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو دی۔ موقع پر پہنچی پی جی آئی پولیس نے زخمی آر این سنگھ کو علاج کیلئے کمانڈ اسپتال میں داخل کرایا اور ان کے اہل خانہ کو مطلع کیا۔ دوسری طرف حراست میں لئے گئے راجیش اور ببلو کو کوتوالی بھیجا گیا۔ انسپکٹر پی جی آئی کے مطابق گولی آر این سنگھ کے سر میں لگنے سے خون زیادہ بہہ گیا ہے جس سے ان کی حالت تشویش ناک ہے۔