لکھنؤ(نامہ نگار)کرشنا نگر علاقہ میں جمعرات کی دیر رات ایک پان فروش نے چاقو سے گود کر اپنی بیوی کا قتل کر دیا۔ صبح ہوتے ہی وہ بیوی کی لاش کو گھر میں چھوڑ کر چنہٹ واقع اندرا نہر خودکشی کرنے کیلئے پہنچ گیا۔
سی او سروجنی نگر ہریندر کمار نے بتایا کہ سیتاپور کے مسرکھ کے پنٹو نے جون ماہ میں بارہ بنکی کی رہنے والی ۱۹سالہ سمن سے شادی کی تھی۔ پنٹو کرشنا نگر علاقہ میں پان اور مسالہ فروخت کرنے کا کام کرتاہے۔ وہ سمن کے ساتھ کرشنا نگر کے نیو آسوتوش نگر علاقہ میں ایک کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔ اسی مکان میں پنٹو کا ایک بھائی بھی رہتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کی دیر رات پنٹو اور سمن کے درمیا
ن کسی بات پر جھگڑا ہو گیا جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ پنٹو نے سمن پر چاقو سے حملہ کر کے اس کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ بیوی کا قتل کرنے کے بعد ملزم شوہر رات بھر اس کی لاش کے ساتھ موجود رہا اور صبح ہوتے ہی وہ خاموشی سے گھر سے نکلا اور پھر چنہٹ واقع اندرا نہر کے ریگولیٹر کے پاس پہنچ گیا اور نہر میں کودنے کی کوشش کی اسی درمیان کچھ لوگوں کی نظر اس پر پڑ گئی اور اس کو پکڑ لیا۔
اطلاع ملنے پر چنہٹ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ صبح ہونے پر جب پنٹو کے بھائی کو اس کے گھر میں کوئی آواز نہیں سنائی دی تو وہ پنٹو کے گھر پہنچا تو دیکھا کہ گھر میں سمن کی خون سے لتھ پتھ لاش پڑی ہے۔ پنٹو کے بھائی نے سمن کے قتل کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو دی۔ قتل کی اطلاع ملتے ہی موقع پر کرشنا نگر پولیس بھی پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔
وہیں چنہٹ پولیس پنٹو سے خودکشی کے بارے میں پوچھ گچھ کر ہی رہی تھی کہ اطلاع ملی کہ پنٹو اپنی بیوی سمن کا قتل کر کے آیاہے۔ اس کے بعد چنہٹ پولیس نے پنٹو کو حراست میں لے لیا۔ پنٹو کے پکڑے جانے کی اطلاع ملتے ہی کرشنا نگر پولیس بھی چنہٹ کوتوالی پہنچ گئی اور پنٹو کواپنے ساتھ کرشنا نگر کوتوالی لے آئی۔ سی او سروجنی نگر ہریندر کمار نے بتایا کہ پنٹو اور سمن کی جون میں شادی کے بعد سے ہی دونوں کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا اسی جھگڑے کے سبب سمن کچھ دن قبل اپنے میکے بھی چلی گئی تھی ایک ماہ قبل ہی پنٹو سمن کو اس کے میکے سے واپس اپنے گھر لے آیاتھا۔ اس معاملہ میں سمن کے میکے والوں نے اس کے شوہر پنٹو کے خلاف جہیز قتل کی رپورٹ درج کرائی ہے۔