صفائی کے بہانے سونے کی چین لے کر بدمعاش فرار
لکھنؤ: کرشنا نگر علاقہ میں آج سونے کی چین صاف کرنے کے بہانے سے ایک جعلساز آربی آئی سے سبکدوش منیجر کی بیوی سے چین اینٹھ کر فرار ہو گیا۔اس معاملہ میں کرشنا نگر کوتوالی میں رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ کرشنا نگر کے سیکٹر ڈی-۱؍ایل ڈی اے کالونی کانپور روڈ پر رہنے والے آر بی آئی سے سبکدوش منیجر دھرم راج یادو اپنی بیوی ننکا دیوی کے ساتھ آج صبح گھر کے برآمدے میں بیٹھے کھانا کھا رہے تھے کہ اس درمیان ایک نوجوان وہاں پہنچا اور برتن صاف کرنے کیلئے پیتامبری پاؤڈر خریدنے کی بات کہی۔ اس پر ننکا دیوی نے نوجوان سے پوچھا کہ کیا ان کی سونے کی چین بھی اس پاؤڈر سے صاف ہو جائے گی۔ نوجوان نے ننکا دیوی سے سونے کی چین مانگی اور ایک کٹوری میں ہلدی کا پاؤڈر اور پیتامبری پاؤڈر ملا کر اس میں سونے کی چین ڈال دی۔ اس کے بعد نوجوان نے ننکا دیوی سے ایک صاف کپڑا مانگا اس پر ننکا دیوی گھر کے اندر سے کپڑا لینے چلی گئیں اسی درمیان نوجوان نے کٹوری میںموجود ان کی سونے کی چین نکال لی۔ ننکا دیوی جب صاف کپڑا لے کر آئیں تو نوجوان نے ان سے کہا کہ دس منٹ بعد وہ کٹوری سے اپنی چین نکال کر کپڑے سے صاف کر لیں۔ یہ کہتے ہوئے نوجوان وہاں سے نکل گیا۔ نوجوان کے جاتے ہی ننکا دیوی نے کٹوری میں ہاتھ ڈالا تو سونے کی چین غائب تھی۔ اس پر انہوں نے شور مچادیا۔ شور ہوتے ہی ننکا دیوی کے شوہر دھرم راج یادو دوڑ کر گیٹ کے باہر پہنچے تو دیکھا مذکورہ نوجوان اپنے ایک ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل سے بیٹھ کر فرار ہو رہا تھا۔ انہوں نے دونوں جعلسازوں کو پکڑنے کیلئے کافی شور بھی مچایا لیکن تب تک دونوں جعلساز فرار ہو چکے تھے۔ اس معاملہ میں دھرم راج نے کرشنا نگر کوتوالی میں جعلسازی کی رپورٹ درج کرا ئی ہے۔