لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بجلی ملازم کی کرنٹ لگنے سے موت ہو گئی۔ بجلی ملازم کے والد نے کمرے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن دروازہ نہیں کھل سکا۔ دروازہ کو توڑ کر جب اندر دیکھاگیا تو بجلی ملازم کی لاش زمین پر پڑی تھی۔ اہل خانہ نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ موصولہ خبر کے مطابق علی گنج کے تروینی نگر کا باشندہ امت اوستھی بجلی کا کام کرتا تھا۔ بدھ کو جب وہ گھر واپس پہنچا اور کھانا کھانے کے بعد کمرے میں چلا گیا۔ امت روزانہ کی طرح جب وقت پر نہیں اٹھا تو اس کے والد نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن ان سے کوئی جواب نہیں ملا ۔ ماتا پرساد نے کسی طرح دروازے کو کھولا تو دیکھا کہ امت کی لاش زمین پر پڑی ہوئی ہے۔ ماتا پرساد نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے تفتیش کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا، پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جب کمرے کا دروازہ کھولا گیا تو کمرے میں ہیٹر جل رہا تھا۔ ہیٹر سے کرنٹ کے سبب ہی امت کی موت ہوئی ہے جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ امت نے خود کشی کی ہے۔