لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ڈالی گنج میں اتوار کی صبح تقریباً ۸ بجے کرنٹ لگنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ متوفی بجلی کا کام کرتا تھا۔ حادثہ کے وقت وہ کپڑے پریس کر رہا تھا۔ پریس میں اترے کرنٹ کی زد میں آنے سے وہ جھلس گیا۔ علاج کیلئے اسے ٹراما سینٹر لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ رامادھین روڈ ڈالی گنج کے رہنے والے ونود سنگھ (۳۴) کی گھر میں ہی بجلی کی چھوٹی سی دکان ہے۔ اتوار کی صبح وہ لائٹ والی پریس سے کپڑا پریس کر رہا تھا۔ اچانک پریس میں کرنٹ اترنے کے سبب وہ اس سے چپک گیا۔ ونود کرنٹ کی زد میں آتے ہی زمین پر گرا اور تڑپنے لگا۔ دوسرے کمرے میں کام میں مصروف ونود کی بیوی انجنی دوڑ کر وہاں پہنچی اور پریس کے پلگ کو نکالا لیکن تب تک ونود شدید طور پر جھلس چکا تھا۔ فوراً اسے ٹراما سینٹر لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پڑوسیوں نے بتایا کہ پڑوسی ونود کی دو برس قبل شادی ہوئی تھی۔ اس کاایک چھوٹا سا بچہ بھی ہے وہ بیوی اور بچے کے ساتھ رہتا تھااور بجلی کا کام کر کے کنبہ کی پرورش کرتا تھا۔