لاہور: کرکٹر محمد آصف کی بطور ہیرو پہلی فلم ”36 آورز” ریلیز سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہو گئی ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر اور مصنف فیصل اعجاز نے ایک ماہ کے مختصر عرصہ میں فلم کی شوٹنگ مکمل کروا دی تھی اور اب صرف فلم کے گیت عکسبند کیے جانے تھے لیکن فلم کے پروڈیوسر سہیل چوہدری نے فلم کے ڈائریکٹر کو ہی ٹیم سے الگ کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ فلم میں ولن کا کردار نبھانے والے موسیٰ نے ضد کی کہ انکے دو گانے ہیروئن رائمہ خان کیساتھ پکچرائز کیے جائیں لیکن فیصل اعجاز نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا جس پرانھیں فلم سے الگ کر دیا گیا اور اب فلم کی ڈائریکشن موسی دیں گے۔ اس بارے میں فیصل اعجاز نے کہا کہ میں نے فلم کی شوٹنگ 30 مارچ کو مکمل کرا دی تھی جس کے بعد ایڈٹنگ کا عمل جاری تھا۔ ہم نے دو گیتوں کی عکسبندی کا شیڈول ترتیب دے رکھا تھا لیکن آخری موقع پر موسیٰ نے کہا میرے دو گانے رائمہ خان کیساتھ شوٹ کیے جائیں مگر میں نے اس کی مخالفت کی کیونکہ اس کے لیے مجھے کہانی میں تبدیلی کرنا پڑنی تھی اور ویسے بھی فلم کی ہیروئن کے ساتھ ولن کے دو رومانٹک گیت فلم کی کامیابی میں رکاوٹ پیدا کرتے، لہذا میں نے انکار کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے جلد ہی میڈیا کو مزید حیران کن تفصیلات فراہم کروں گا۔ واضح رہے کہ کرکٹر محمد آصف، رائمہ خان اور آصفہ فلم میں مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔