ممبئی ۔بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے ایک اور آئٹم نمبر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرینہ کپور خان کرن جوہر کی فلم برادرز میں آئٹم سانگ میں پرفارم کریں گی۔ گانے کی کوریو گرافی کترینہ کیف کے آئٹم نمبر “چکنی چمیلی” جیسی ہی ہو گی۔ بیبو نے تو کترینہ کے ڈانس سٹیپس کاپی کرنے کیلئے ریہرسل بھی شروع کر دی ہے۔ فلم میں اکشے کمار اور سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ جیکولین فرنینڈس بھی اپنی ادائوں کا جادو جگائیں گی۔ کرینہ کپور اس سے قبل سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی فلم “دبنگ ٹو” بھی میں آئٹم نمبر کر چکی ہیں۔ بالی ووڈ اداکاراوں میں ان دنوں بڑی فلموں میں
اداکاری کے ساتھ ساتھ آئٹم نمبرز کا مقابلہ بھی چل رہا ہے۔ کترینہ کیف چکنی چمیلی اور شیلا کی جوانی جیسے آئٹم نمبرز کرنے کے کروڑوں روپے وصول کر چکی ہیں ۔دوسری طرف بالی ووڈ ہدایت کار شری رام راگھون نے کہا ہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کے ساتھ بنائی جانے والی ان کی فلم ناکام ہو گئی تھی ورنہ وہ اس فلم ‘ایجنٹ ونود’ کا سیکوئل بھی بناتے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں وہ خاتون کے مرکزی کردار والی ایک فلم بنانا چاہتے ہیں جس کے لیے ان کی پہلی پسند دیپکا پڈوکون ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بڑے سٹارز کے ساتھ کام کرنے پر فلم اور ہدایتکار پر پیسہ کمانے کا دباؤ ہوتا ہے اور کئی بار کہانی کے ساتھ سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے۔ راگھون کے مطابق بعض اوقات ایک آزاد فلم ساز کے ساتھ کام کرنا بہتر ہوتا ہے۔ انھوں نے دیپکا کے ساتھ والی فلم کی تفصیل تو نہیں بتائی لیکن ایسا لگتا ہے کہ اس کے لیے انھیں کسی آزاد فلم ساز کی تلاش ہے۔ ہدایت کار کی فلم ‘بدلہ پور’ 20 فروری کو ریلیز ہو رہی ہے۔