بولی وڈ اسٹار کرینہ کپور بھی پاکستانی کھانوں کی دیوانی نکلیں اور موقع ملتے ہی پاکستان جانے کے لیے بے تاب ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں بولی وڈ بے بو کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ‘وہ پاکستان جانا چاہتی ہیں، انھیں لاہور سے دعوت نامہ بھی آیا ہے کیونکہ سیف کا پورا خاندان وہیں رہائش پذیر ہے’۔
کرینہ کا کہنا تھا کہ جب بھی ان کا اور سیف کا پلان بنے گا وہ پاکستان ضرور جائیں گے۔
بولی وڈ اسٹار نے پاکستانی کھانوں کے لیے پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کے مزیدار کھانے پاکستان میں ملتے ہیں وہ اس کی شوقین ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کرینہ کپور کے شوہر اداکار سیف علی خان نے ڈان اخبار سے خصوصی بات چیت کے دوران بتایا تھا کہ وہ دو تین بار پاکستان آچکے ہیں، ان کے کزن اور بہت سے قریبی رشتے دار پاکستان میں رہتے ہیں اور انہیں جب بھی دعوت ملی وہ ضرور پاکستان آئیں گے۔
مزید پڑھیں:سیف اور کرینہ پاکستان آنے کو تیار
جبکہ کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ انھیں پاکستانی کلچر بہت پسند ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے تین فلموں ‘ریفیوجی’، ‘قربان’ اور ‘ایجنٹ ونود’ میں پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کیا۔
بی بی سی کے مطابق کرینہ اپنی نئی فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ کی کامیابی کے بارے میں خاصی پرامید ہیں، ان کا کہنا ہے کہ فلم بغیر کسی تشہیر کے 200 کروڑ روپے سے زیادہ کما سکتی ہے۔
عید پر ریلیز ہونے والی ایکشن سے بھرپور اس میوزیکل فلم میں کرینہ کپور کے ساتھ ساتھ سلمان خان اور نواز الدین صدیقی بھی دکھائی دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ کا ٹریلر ریلیز
حال ہی میں اس فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کیا گیا ہے، جسے شائقین میں بہت پسند کیا گیا۔
کبیر خان کی اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ایک پاکستانی بچی ٹرین چھوٹنے کی وجہ سے انڈیا میں رہ جاتی ہے،جس کے بعد سلمان خان بچی کی مدد کے لیے آتے ہیں اور اسے پاکستان واپس چھوڑنے کی ذمہ داری اٹھاتے ہیں۔