لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کولوا چندریکا دیوی روڈ پر بنائے جا رہے پل کی تعمیر روکے جانے سے ناراض سیکڑوں کسانوں نے بدھ کو بھارتیہ کسان یونین کے بینر تلے برج کارپوریشن دفتر پر دھرنا دیا۔ موقع پر پہنچے افسران نے کسانوں کو سمجھا بجھاکر دھرنا ختم کرایا۔ تہتنا کولوا کے درمیان آمد و رفت میں ہونے والی پریشانی کے پیش نظر برج کارپوریشن نے پل بنانے کا کام شروع کیا تھا جس کے سبب وہاں کے کچ
ھ لوگ مخالفت کررہے تھے۔ جس کو لیکر گزشتہ ماہ وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو موقع پر پہنچے تھے اور گاؤں کے لوگوں کو سمجھا بجھا کر معاملہ خاموش کرا دیا تھا۔ اس کے باوجود ایک گروہ مخالفت کرنے پر بضد تھا۔ دو فریق آمنے سامنے ہو گئے تھے۔گاؤں والوں کی اجازت نہ ہونے کے سبب برج کارپوریشن نے کام روک دیا تھا۔ پل کا تعمیری کام روکے جانے سے ناراض بدھ کو بھارتیہ کسان یونین ( غیر سیاسی) کے بینر تلے سیکڑوں کسان بٹلر پیلس واقع برج کارپوریشن دفتر پہنچے۔
سیکڑوں کسانوں نے کسان لیڈر آزاد انصاری اور محمد ندیم کی قیادت میں دھرنا شروع کر دیا۔ دھرنے پر بیٹھے کسان پل کا تعمیری کام کرائے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دھرنے پر بیٹھے کسانوں کا الزام ہے کہ محکمہ نے تعمیری کام روک دیا ہے جس کے سبب گاؤں والوں کو آنے جانے میں کافی پریشانیوں کاسامنا کرنا پڑ رہاہے اس کے باوجود محکمہ رکے ہوئے پل کا تعمیری کام نہیں کرا رہا ہے۔ دوپہر بعد پہنچے برج کارپوریشن کے افسر نے دھرنے پر بیٹھے کسانوں کو یقین دہانی دی اس کے بعد کسانوںنے دھرنا ختم کر دیا۔