لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ریاستی وزیر آبپاشی شیو پال سنگھ یادو نے آج اسمبلی میں محکمہ آبپاشی کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کسانوں کو آبپاشی کی سہولیات مہیا کرانے کیلئے پُر عزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے مالی برس ۱۶-۲۰۱۵ء میں ۷۳۸ کروڑ روپئے کا بندوبست کیا ہے۔ لکھنؤ مہا نگر میں پکا پل سے لیکر شہید پتھ کے درمیان ندی کے چینلائزیشن اور تزئین کاری کے کام کرائے جانے کی تجویز ہے۔ رواں مالی برس میں ہی تقریباً ۸۰ کروڑ کی رقم منظور کی جا رہی ہے۔ مالی برس میں پروجیکٹ اور اس سے متعلق دیگر کاموں کیلئے تقریباً پانچ سو کروڑ روپئے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ بارش والے علاقوں کیلئے ۱۰-۲۰۰۹ ء سے اب تک ۵۹۶ پروجیکٹ منظور کئے گئے ہیں۔ ہدف کئے گئے رقبہ ۲۹ لاکھ ہیکٹئر اور تخمینی لاگت تین ہزار پانچ سو چالیس کروڑ روپئے ہے۔ آئندہ مالی برس میں پروگرام کیلئے ۱۹۷ کروڑ روپئے کے بجٹ کی تجویز ہ
ے۔ اس میں گنگا اسکیم سمیت دیگر کئی اسکیمیں شامل ہیں۔ محکمہ جاتی افسران سے بات چیت کر کے گنگا کے اترپردیش میں بہنے والے حصہ جمنا ندی، کالی مشرق و مغرب، مالن ندی، رام گنگا، گومتی اور دریائے سئی کے پورے کیچمنٹ ایریا کا سروے کراکر حکومت نے ایک نئی اسکیم بنائی ہے۔ اس اسکیم پر آئی آئی ٹی رڑکی کی مدد لی جائے گی۔ مسٹر یادو نے رواں مالی برس کیلئے ریاست کے آبپاشی بندوبست کو بہتر بنانے کیلئے ۱۱۶ ارب ۲۶ کروڑ ۵۳ لاکھ تیرہ ہزار روپئے کی تجویز کابینہ میں منظور کی جسے اسمبلی نے پاس کر دیا ۔
دوسری جانب اسمبلی میں آج آواس وکاس محکمہ کا بجٹ پاس ہو گیا۔ ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ اور آبپاشی وزیر شیو پال سنگھ یادو نے بجٹ رکھتے ہوئے بتایا کہ ریاستی حکومت نے لکھنؤ میٹرو ریل پروجیکٹ کیلئے ۴۲۵ کروڑ رروپئے کابجٹ رکھا ہے۔ واضح ہو کہ لکھنؤ میں نارتھ ساؤتھ کاریڈو پر میٹرو ریل پروجیکٹ کے ابتدائی سیکشن ٹرانسپورٹ نگر سے چارباغ تک ۸ کلو میٹر تک کیلئے میٹرو ریل کا تعمیری کام چل رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی اعلیٰ ترجیح والے اس پروجیکٹ کیلئے حکومت نے اس بجٹ میں ۴۲۵ کروڑ روپئے کا بجٹ منظور کیا ہے۔ گزشتہ برس کے بجٹ میں حکومت نے ۹۵ کروڑ روپئے کا بجٹ دیا تھا اس سے قبل حکومت نے ۱۴-۲۰۱۳ء کے بجٹ میں بھی بیس کروڑ روپئے کا بجٹ الاٹ کیا تھا۔ اس کے علاوہ حکومت نے دیگر مدوں سے اترپردیش آواس وکاس پریشد کے ذریعہ دو سو کروڑ روپئے، لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی کیلئے ۱۰۰ کروڑ، یو پی ایس آئی ڈی سی سے پچاس کروڑ کا بندوبست کیا۔ ریاستی حکومت سے ملے بجٹ کا لکھنؤ میٹرو کارپوریشن ٹنڈر ، زمینوں کی خرید کی ادائیگی سمیت میٹرو ریل تعمیر کی دیگر مدوں میں خرچ کرے گی۔