لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری مدھو سودن مستری نے الزام عائد کیا ہے کہ ریاستی حکومت کسانوں کی زمین چھین کر سرمایہ داروںکو دے رہی ہے۔ سابقہ یو پی اے حکومت کے بنائے آراضی تحویل قانون میں بی جے پی حکومت آرڈیننس کے ذریعہ کسانوں سے فریب دہی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مسٹر مستری بدھ کو گوتم بدھ نگر میں منعقد کسان مہا پنچایت کو خطاب کر رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ ایس پی حکومت صنعتی ترقی کیلئے کسانوں کی زمین سستی قیمت پر لیکر سرکایہ داروں کو دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمین ہمیں قدرت نے دی ہے کوئی طاقت اسے ہم سے چھین نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے ہونے کے ناطے وزیر اعظم نریندر مودی کی ترقیات کو نزدیک سے دیکھا ہے۔ انہوں نے گجرات میں لاکھوں کسانوں کی زمینوں کو کوڑیوںکے دام چند سرمایہ داروں کو سونپ دی ۔ اب وہی کام آرڈیننس کے ذریعہ پورے ملک میں کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کسانوں سے اپنے حق کی لڑائی بے خوف ہوکر لڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جہاںضرورت ہوگی وہاں موجود رہوں گا۔
مہا پنچایت میں مرز اپور سے بڑی تعداد میںآئے کسانوں کو دیکھ کر مسٹر مستری نے ہاتھ اٹھاکر ان کا خیر مقدم کیا۔ مہا پنچایت کو خطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے کہاکہ آج بیس لوگوں کی حکومت ایک سوبیس کروڑ لوگوں پر حکومت کر رہی ہے۔ انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو ایسٹ انڈیاکمپنی کا نام دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح حکومت چلانا چاہتی ہے۔ ڈاکٹر کھتری نے کہاکہ تحویل آراضی قانو ن میں آرڈیننس کے ذریعہ ہونے والی ترمیم کی پارٹی مخالفت کرے گی۔ جب تک ترمیم واپس نہیں لی جائے گی تب تک پارٹی کسانوں کے مسائل کیلئے جدو جہد جاری رکھے گی۔ مہا پنچایت کے کنوینر دھریندر سنگھ نے کہا کہ پارٹی پارلیمنٹ میں پہلے کی طرح کسانوں کے مسائل کا تصفیہ کرائے گی ۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی کسانوں کا عوامی سیلاب سیاہ آرڈیننس کے خلاف بھٹہ پارسول سے پارلیمنٹ کوچ کرے گا۔ مہا پنچایت کو پارٹی لیڈروں کے علاوہ کسان یونینوں کے مختلف گروپوں کے لیڈروں پروین چودھری ، چودھر ی اقبال سنگھ، چودھری امر پال سنگھ نے بھی خطاب کیا ۔بھٹہ پارسول کے کسانوں نے پارٹی جنرل سکریٹری مسٹر مستری اور پارٹی صدر کو پگڑی باندھ کر ان کاخیر مقدم کیا۔ مہا پنچایت میں کشن چندر ، میگ راج سنگھ ،ڈاکٹر مہندر ناتھ، حاجی تفسیر عالم، امانت اللہ، دیپک بھاٹی چوٹی والا، سجیت دولہ سمیت بڑی تعداد میں پارٹی رہنما عہدیداران اور کارکنان سمیت کسان موجود تھے۔