لکھنو: کانگریس نے ریاستی حکومت سے ریاست میں خشک سالی کا اعلان کرتے ہوئے کسانوں کے قرضے معاف کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی نے کہاکہ حکومت سرکاری خزانہ کی تلافی کرتے اورکسانوں کو ربیع کی فصل کی بوائی کیلئے کھاد، بیج مہیا کرائے۔ پارٹی کے کمیونکیشن محکمہ کے چیئر مین ستیہ دیو ترپاٹھی نے کہاکہ پورا اترپردیش خشک سالی کی زدمیں ہے خریف کی فصل پوری طرح سے برباد ہو گئی۔ ریاست کا کسان پہلے سے ہی ژالہ باری اور بے موسم بارش سے تباہ تھا۔ وہیں خریف کی فصل برباد ہونے سے اس کے سامنے روزی روٹی کا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے اس وجہ سے کسان خود کشی کرنے کومجبور ہو رہے ہیں۔ مسٹر ترپاٹھی نے کہا کہ بارش نہ ہونے اور آبپاشی کا مناسب بندوبست نہ ہونے سے کسانوں کی خریف کی فصل کھیتوں میں سوکھ رہی ہے۔ کسان برباد فصل پر آنسو بہا رہا ہے لیکن حکومت نے ریاست میں نہ تو خشک سالی کا اعلان کیا اور نہ ہی کسانوں کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا۔ خریف کی فصل برباد ہونے کے بعد کسانوں کے سامے اب ربیع کی فصل کی بوائی کا مسئلہ کھڑا ہے جس سے کسان دوہری پریشانی کی زد میں آگیا ہے۔