لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ موہن لال گنج علاقہ میں رہنے والے ایک کسان کو بینک جاتے وقت اس کے ہی ایک شناسا نے نشیلی بیڑی پلا دی۔ اس کے بعد کار سوار لوگ اس کو بیہوشی کی حالت میں لے گئے اور رائے بریلی کے گرو بخش گنج علاقہ میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ موہن لال گنج کے کھجولی گاؤں کے رہنے والے کسان دین دیال چار دن قبل گھر سے زمین فروخت کرکے حاصل ہوئے ڈھائی لاکھ روپئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ میں جمع کرانے کیلئے نکلا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بینک کے باہر ہی اس کو ایک شناسا مل گیا۔ اس نے دین دیال کو بیڑی پلائی اور بیڑی پیتے ہی وہ بیہوش ہو گیا۔ اس کے بعد کار سوار لوگ اس کو کار میں بٹھاکر فرار ہو گئے۔
بیہوشی کی حالت میں کار سواروں نے اس کو رائے بریلی کے گروبخش گنج کے نزدیک پھینک دیا اور اس سے ڈھائی لاکھ روپئے نقد، موبائل فون اور پاس بک لیکر فرار ہو گئے۔ کچھ دیر بعد جب اس کو ہوش آیا تو کسی طرح اپنے گاؤں کے رہنے والے رمیش کے ایک رشتہ دار کے گھر بچھرواں پہنچا اور اپنے ساتھ ہوئی لوٹ کی پوری واردات بتائی اس کے بعد کنبہ کے لوگ وہاں پہنچ گئے اور اس کو لیکر گھر پہنچے۔ کنبہ کے لوگ متاثر دین دیال کو موہن لال گنج کوتوالی لیکر پہنچے اور ساری بات پولیس کو بتائی ۔پولیس نے تحریر تو لے لی ہے لیکن مقدمہ درج نہیں کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات مشتبہ لگ رہی ہے ، معاملہ کی تفتیش کی جا رہی ہے اور اس کے بعد ہی رپورٹ درج کی جائے گی۔