لکھنؤ۔نگوہاں علاقہ میں رہنے والے ایک کسان کی بیوی نے گھریلو چپقلش سے عاجز آکر خود کشی کر کے اپنی جان دے دی۔ اس معاملہ میں مہلوکہ کے بھائی نے بہنوئی کے خلاف خود کشی کیلئے اکسانے کی رپورٹ درج کرائی ہے ، پولیس نے کسان کو حراست میں لے لیا ہے۔ اناؤ کے سہرا مئو گاؤں کے رہنے والے گنگا وشنو نے ۱۳ ماہ قبل اپنی بہن ۲۵ سالہ رانی کی شادی نگوہاں کے کسمورا گاؤں میں رہنے والے کسان رام سنیہی سے کی تھی۔ جمعہ کی صبح گنگا کو اپنے رشتہ دار سے پتہ چلا کہ اس کی بہن نے پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی ہے۔
اطلاع پاکر گنگا اور اس کے گھر والے بھی پہنچ گئے۔ رانی کے گلے میں رسی بندھی ہوئی تھی اور پیر میں چوٹ بھی لگی تھی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے رانی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ گنگا نے الزام عائد کیا ہے کہ رام سنیہی اس کی بہن رانی کو گھریلو چپقلش کے سبب مارتا پیٹتا رہتاتھا جس سے عاجز آکر رانی نے خودکشی کی ہے۔ پولیس نے اس معاملہ میں رام سنیہی کے خلا ف خودکشی کیلئے اکسانے کی رپورٹ درج کر کے کسان رام سنیہی کو گرفتار کر لیا ہے۔ رانی کے دو بچے ہیں۔