لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔کاکوری علاقہ میں گزشتہ شب ایک کسان کے بیٹے نے پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی۔ نوجوان کی سگائی ہو چکی تھی اور گیارہ جون کو شادی ہوچکی تھی۔ اس نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ وہیں مہا نگر علاقہ میں رہنے والے میونسپل کارپوریشن کے ملازم نے پھانسی لگاکراپنی جان دے دی۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل کواس کا اپنی بیوی سے فون پر جھگڑا بھی ہوا تھا۔ ایس او کاکوری انل سنگھ نے بتایا کہ بیہٹا گاؤں میں کسان رمیش اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے۔
رمیش کا بیٹا ۲۳ سالہ راجیش پرائیویٹ نوکری کرتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل کی شب راجیش گھر سے نکلا اور پھر واپس نہیں لوٹا۔ دیر شب ہونے پر کنبہ والوں نے اس کی تلاش کی لیکن کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ بدھ کی صبح گاؤں والوں نے راج کمار کے باغ میں راجیش کی لاش ایک درخت میں گمچھے کے سہارے لٹک رہی تھی۔ دیہی باشندوں نے جب راجیش کی لاش دیکھی تو اطلاع اس کے کنبہ والوں کودی۔ اطلاع پاکر موقع پر کاکوری پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد راجیش کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ راجیش نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا
پتہ نہیں چل سکا ہے۔ کنبہ والوں نے بتایا کہ راجیش کی گیارہ جون کو شادی ہونے والی تھی اور اس کی سگائی بھی ہو چکی تھی۔ راجیش کی والدہ کی موت ہو چکی ہے۔ کنبہ میں تین بہنیں اور چھوٹا بھائی ہے۔ کاکوری پولیس اب راجیش کی موت کے اسباب تلاش رہی ہے۔
اس کے علاوہ غازی پور ضلع کا رہنے والا چالیس سالہ رام پرکاش ورما میونسپل کارپوریشن میں کلرک کے عہدہ پر تعینات تھا۔ وہ مہا نگر کے وویکانند اسپتال کے پیچھے بنے ایل ڈی اے کے ملازم کوارٹر میں تنہا رہتا تھا۔ رام پرکاش کی اہلیہ شیلا اور اس کی دو بیٹیاں گاؤں میں رہتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل کی دوپہر رام پرکاش گھر پہنچا۔ بدھ کی صبح تقریباً گیارہ بجے تک جب رام پرکاش کے کمرے کا دروازہ نہیں کھلا تو لوگوں کو شک ہوا۔ ان لوگوں نے اس بات کی اطلاع مہا نگر پولیس کودی۔موقع پر پہنچی پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑا اور اندر پہنچی۔ کمرے کے اندر رام پرکاش کی لاش پنکھے کے سہارے لٹک رہی تھی۔ خبر پاکر رام پرکاش کا بھائی علی گنج کا رہنے والا شیو پرکاش بھی پہنچ گیا۔ محلہ کے لوگوں نے بتایا کہ کل دوپہر رام پرکاش کا موبائل فون پر بیوی سے جھگڑا ہوا تھا۔ اس کے بعد رام پرکاش گھر کے اندر چلا گیا اور پھر باہر نہیں نکلا۔ پولیس کا ماننا ہے کہ گھریلو جھگڑے کے سبب رام پرکاش نے خود کشی کی ہے۔