پٹنہ:بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے برگشتہ ممبرپارلیمنٹ اور فلم اسٹار شتروگھن سنہا نے آج پارٹی کو چیلنج کرنے والے لہجے میں کہا کہ کسی کے اندر اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ ان کی سرزنش کرسکے ۔ مسٹر سنہا نے اس کے ساتھ ہی ایک بار پھر کہا کہ بہار میں مکمل ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شرمناک شکست کے لئے ذمہ داری طے کی جانی چاہئے ۔مسٹر سنہا نے ٹوئٹ کیا “ اجتماعی ذمہ داری کی بات قابل قبول نہیں ہے اور اصلاحی کارروائی کے لئے جوابدہی طے کیا جانا انتہائی ضروری ہے ”۔بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے والے پارٹی لیڈروں کی واضح طور پر مذمت کرتے ہوئے کہا “شرمناک شکست کے لیے جو لوگ ذمہ دار ہیں۔ انہیں جواب دینا چاہئے کہ یہ سب کچھ کیا، کیوں ، کہاں اور کیسے ہوگیا۔”
مسٹر شتروگھن سنہا نے بی جے پی قیادت کو ایک طرح سے چیلنج کرتے ہوئے کہا “ میں اور سابق داخلہ سکریٹری آر ۔ کے ۔ سنگھ بہاری شیر ہیں اور جو کچھ بھی کہا وہ صحیح تھا۔ کسی میں بھی اتنی ہمت (یا ڈی این اے ) نہیں ہے کہ ہماری سرزنش کرسکے ”۔سمجھا جارہا ہے کہ بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ نے ڈی این اے لفظ کا استعمال وزیر اعظم نریندر مودی کے بہار اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران وزیر اعلی نتیش کمار کا ڈی این اے خراب ہونے سے متعلق بیان کے تناظر میں کیا ۔ مسٹر سنہا نے کہا “ کارروائی کی بات کرنا گیدڑ بھبھکی ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ پارٹی قیادت اس شکست کے بعد سمجھداری سے کام لے اور معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات کرے ، جس سے پارٹی کے قد اور لیڈر مطمئن ہوسکیں ”۔