سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہفتہ کے روز ایک فوجی کیمپ کے اندر ہونے والے حادثاتی دھماکے میں ایک درجن سے زائد فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے ۔
پولیس اور دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سری نگر سے 23 کلو میٹر دور کھرو گا¶ں میں 50راشٹریہ رائفلز کے ہیڈکوارٹرس کے وسیع و عریض کیمپ کے اندر کارپس بیٹل اسکول میں دھماکہ ہوا۔ اس کی تصدیق کرتے ہوئے وزارت دفاع کے ترجمان کرنل این این جوشی نے یو این آئی کو بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو ائرلفٹ کرکے سری نگر میں بادامی باغ فوجی چھا¶نی میں قائم 92 بیس اسپتال پہنچایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ‘ہم دھماکے سے متعلق مکمل تفصیلات کا انتظار کررہے ہیں’۔
تاہم پولیس اور فوجی ذرائع نے بتایا کہ تربیتی مشق کے دوران کچھ دھماکہ خیز مواد کو صحیح سے استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ہوئے اس دھماکہ میں 12 سے زائد فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے چار اہلکاروں کی حالت تشویش ناک ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کیلئے کورٹ آف انکوائری کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔